ملک میں آمریت رائج، عوام میں عدم تحفظ کا احساس

0

کانگریس کے یوم تاسیس پر پارٹی صدر سونیاگاندھی کا قوم کے نام پیغام
نئی دہلی (یو این آئی) : کانگریس صدر سونیا گاندھی نے حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آمرانہ طریقے پر چل کر تاریخ کو جھٹلا رہی ہے اور لوگوں کو ڈرا کر گنگا جمنی تہذیب کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ محترمہ گاندھی نے منگل کو یہاں کانگریس کے 136ویں یوم تاسیس کے موقع پر کارکنوں سے کہا کہ آج ملک کی مضبوط بنیاد کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور تاریخ کو جھوٹا بنا کر ہماری وراثت گنگا جمنا ثقافت کو تباہ کرنے کی ناپاک کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کا عام شہری غیر محفوظ اور خوف محسوس کررہا ہے، کیونکہ جمہوریت اور آئین کو درکنار کرکے صرف آمریت چل رہی ہے۔ان حالات میں کانگریس خاموش نہیں رہے گی اور وراثت کو تباہ کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دے گی۔کانگریس صدر نے کہا کہ عام لوگ اور جمہوریت کی حفاظت کیلئے ملک مخالفت اور سماج مخالف سازشوں کے خلاف کانگریس جدوجہد کرے گی اور ہر قربانی دے گی۔ کانگریس کے سابق صدر اور ممبر پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بھی اس موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ہم کانگریس ہیں- وہ پارٹی جس نے ہمارے ملک میں جمہوریت قائم کی اور ہمیں اس وراثت پر فخر ہے۔ کانگریس کے یوم تاسیس کی مبارکباد۔
محترمہ گاندھی نے کہا کہ 136سال پرانی کانگریس صرف ایک سیاسی پارٹی کا ہی نام نہیں، بلکہ ایک تحریک کا نام ہے ۔ یہ کن حالات میں وجود میں آئی یہ سب جانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزادی کی تحریک میں کانگریس اور اس کے تمام رہنماؤں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جدوجہد کی،جیلوں میں سخت اذیتیں جھیلیں اور بہت سے محب وطن نے اپنی جانیں تک قربان کیں، تب جاکر کہیں آزادی ملی۔ آزادی کے بعد ہمیں جو ہندوستان ملا، اس کا تصور کرنا مشکل ہے،لیکن ہمارے عظیم رہنماؤں نے بڑی سوجھ بوجھ اور پختہ عزم کے ساتھ ہندوستان کی تعمیر نو کی ایک مضبوط بنیاد رکھی، جس پر چل کر ایک با اختیار ہندوستان کھڑا ہوا۔ کانگریس صدر نے کہا کہ کانگریس اور اس کے رہنماؤں نے ایک ایسے ہندوستان کی تعمیر کی، جس میں ملک کے سبھی عوام کے حقوق اور مفادات کا دھیان رکھا گیا،جن لوگوں نے آزادی کی تحریک میں حصہ نہیں لیا، وہ اس کی قیمت کبھی نہیں سمجھ سکتے۔ آج ہندوستان کی اس مضبوط بنیاد کو کمزورکرنے کی ہرممکن کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس تاریخی موقع پر ایک ایک کانگریسی کو یہی عزم کرنا ہے اور کانگریس تنظیم کو مضبوط بنانا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS