سابقہ حکومتوں کے دورمیں بدعنوانی کا عطر یوپی میں پھیلا : نریندرمودی

0

وزیراعظم مودی نے اپوزیشن کو بنایا نشانہ
کانپور(محمد عمران/ ایس این بی) : وزیراعظم نریندر مودی نے کانپور میں حزب اختلاف کو جم کر نشانہ بنایا۔ انہوںنے اکھلیش یادو پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جو عطر انہوںنے چھڑکا تھا،وہ اب سامنے آ گیا ہے۔ نوٹوں کا پہاڑ سب نے دیکھا، لیکن دستیابی بتانے کیلئے کوئی سامنے نہیں آیا ہے، یہی ان کی سچائی ہے۔ یوپی میں سب سے بڑا ایئرپورٹ، ایکسپریس وے، فریٹ کاریڈور کا ہب، ڈیفنس کاریڈور بھی بن رہا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کو کانپور میٹرو کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے بعد انہوںنے نرالہ نگر میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں بکسے بھر بھر کر نوٹ ملے ہیں۔ اس کے بعد بھی یہ لوگ یہی کہیںگے کہ یہ مودی نے کیا۔ ان کے دور اقتدار میں بدعنوانی کا عطر اترپردیش میں پھیلا تھا، وہ سب کے سامنے آ گیا ہے، جس سے ان کے منھ پر تالہ لگ گیا ہے، نوٹوں کا پہاڑ ہی ان کی دستیابی اور سچائی ہے۔ اترپردیش کے لوگ سب سمجھ رہے ہیں، اترپردیش کے عوام ترقی کے ساتھ ہیں۔ آئی آئی ٹی کی تقریب تقسیم اسناد میں طلبا سے وزیراعظم نے کہا کہ سہولت کیلئے شارٹ کٹ بہت لوگ بتائیںگے۔ شارٹ کٹ اختیار مت کرنا، چیلنج اختیار کرنا۔ زندگی میں پریشانیاں بہت آئیںگی، جو لوگ اس سے بھاگتے ہیں، وہ آگے نہیں بڑھ پاتے، لیکن دھیان رہے کہ پریشانیوں سے بھاگنا نہیں ہے۔ آپ جہاں جائیںگے، کچھ نیا کریںگے۔ حکومت ہر قدم پر آپ کے ساتھ ہے۔ آئی آئی ٹی کی تقریب تقسیم اسناد اور میٹرو میں پہلے مسافر کے طور پر شرکت کرنے کے بعد وزیراعظم مودی نے نرالہ نگر کی ریلی کے منچ سے رموٹ سے بٹن دبا کر کانپور میٹرو کا افتتاح کیا اور ہری جھنڈی دکھائی تو آئی آئی ٹی اسٹیشن پر تیار کھڑی ٹرین کو روانہ کیا۔ اس کے بعد بینا-پنکی پٹرولیم پائپ لائن کو بھی ملک کو معنون کیا۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ آج یوپی نے تاریخ رقم کی ہے۔ آج ہم کو میٹرو کنکٹی ویٹی ملی ہے اور بینا-پنکی پائپ لائن بھی شروع ہو گئی ہے۔ اس سے اب یوپی کے دیگر اضلاع میں پٹرولیم مصنوعات آسانی سے دستیاب ہوںگی۔ اس کیلئے پورے اترپردیش کو مبارکباد۔ انہوںنے کہا کہ اترپردیش میں پہلے، جن لوگوں نے حکومت بنائی، ان لوگوں نے وقت کی اہمیت نہیں سمجھی۔ 21ویں صدی میں یوپی کو جس تیز رفتار سے ترقی کرنی تھی، اس قیمتی موقع کو پہلے کی حکومتوں نے کھو دیا۔ ان کی ترجیح ترقی نہیں تھی۔ ہم دوگنی رفتار سے کام کر رہے ہیں۔ ڈبل انجن کی حکومت، جس کام کو شروع کرتی ہے، اسے پورا کرنے کیلئے ہم دن رات ایک کر دیتے ہیں۔
وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے شال پوشی اور کانپور میٹرو کا یادگاری نشان دے کر وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ کانپور میٹرو کے آغاز کے ساتھ یوپی اب سب سے زیادہ میٹرو والی ریاستوں میں شامل ہو گیا ہے۔ ان کے ساتھ وزیر پٹرولیم ہردیپ سنگھ پوری، ڈپٹی سی ایم کیشو پرساد موریہ اور ریاست کے وزیر صنعتی ترقیات ستیش مہانا نے بھی استقبال کیا۔ اس سے قبل وزیراعظم نے مختلف سرکاری اسکیموں کے مستحقین سے گفتگو کی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS