ایف ٹی پی کیلنڈر میں آئی پی ایل کو ڈھائی ماہ کا وقت

0

دبئی (یو این آئی) : انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے فیوچر ٹور پروگرام (ایف ٹی پی) میں تقریباً ڈھائی ماہ کا وقت مل گیا ہے ۔ 2023-2027 کے اس سائیکل میں دو ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ، دیگر آئی سی سی ایونٹس اور کئی دو طرفہ سیریز دیکھنے کو ملیں گی۔ تاہم اس دوران ٹیموں کو بہت کم چھٹی ملے گی۔کرک انفو کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق آئی پی ایل کے لیے ونڈو ہر سال مارچ کے آخری ہفتے سے جون کے پہلے ہفتے تک دی جاتی ہے ۔ بھارتیہ کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سکریٹری جے شاہ نے بھی اس کا اشارہ دیا تھا۔ آئی پی ایل 2023 سے 10 ٹیموں کے درمیان ہوگا اور 60 کے بجائے کل 74 میچ کھیلے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ ہر دو سال میں کم از کم 10 میچز بڑھانے کا بھی انتظام ہے ۔ 2023 اور 2024 میں 74 میچز، 2025 اور 2026 میں 84 اور 2027 تک ہر سال 94 آئی پی ایل میچز کھیلے جانے کی امید ہے ۔دوسری جانب جب دی ہنڈریڈ اور بگ بیش لیگ (بی بی ایل) بالترتیب انگلینڈ اور آسٹریلیا میں ہوگی، دونوں ٹیمیں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلیں گی۔ تاہم اس دوران دیگر ٹیمیں کرکٹ کھیلتی رہیں گی اور بین الاقوامی کرکٹ مکمل طور پر نہیں رکے گی۔ اسی طرح کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) اور بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کے دوران بالترتیب ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش میں کوئی بین الاقوامی کرکٹ نہیں ہوگی۔ کرکٹ جنوبی افریقہ کی نئی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں بھی 2025 اور 2026 میں جگہ خالی ہے لیکن انہیں اس دوران 2024 اور 2027 میں کچھ بین الاقوامی کرکٹ بھی کھیلنی ہوگی۔
ساتھ ہی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو 2023، 2024 اور 2026 میں بھی شامل کیا گیا ہے تاہم 2024-25 میں انہیں پی ایس ایل کے دوران ہی انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز بھی کھیلنی ہوگی۔ اس کے بعد وہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے خلاف سہ رخی ون ڈے سیریز کی میزبانی بھی کرنے والے ہیں۔ تاہم، فروری-مارچ 2025 میں ہی پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنی ہے ، جو 1996 کے ورلڈ کپ کے بعد ان کا پہلا آئی سی سی ایونٹ ہوگا۔
ایف ٹی پی کو 25 اور 26 جولائی کو برمنگھم میں ہونے والے آئی سی سی کے سالانہ اجلاس کے بعد باضابطہ طور پر عوام کے لیے شائع کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS