بدعنوانوں کے خلاف کارروائی کے لیے حکومت کے سامنے ہاتھ نہیں جوڑوں گا: ورون گاندھی

0
image:indiatoday

پیلی بھیت،(یو این آئی):اپنی ہی پارٹی کی حکومت سے ناراض بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی نے کہا ہے کہ وہ بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کے لیے یوگی حکومت کے سامنے ہاتھ نہیں جوڑیں گے بلکہ ایسے افسران کی گرفتاری کے لئے عدالت سے مدد لیں گے۔
ورون گاندھی اپنے پارلیمانی حلقہ پیلی بھیت کے دو روزہ دورے پرگئے ہوئے تھے جہاں جمعہ کو مارکیٹ کمیٹی کا معائنہ کرنے گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کسان بدحالی کے باعث دلالوں کے ذریعے اپنا اناج بیچنے پر مجبور ہیں۔ معائنہ کے دوران انہوں نے وہاں موجود ڈپٹی آر ایم او گیان چند ورما اور منڈی ملازمین کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسانوں پر مظالم ڈھائے گئے تو وہ اب حکومت کے سامنے ہاتھ پاؤں نہیں جوڑیں گے، سیدھا عدالت جائیں گے اور سب کو گرفتار کروائیں گے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کی قانونی ضمانت دے، تب ہی کسانوں کو ان کا حق ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ایم ایس پی کی کوئی قانونی ضمانت نہیں ملتی کسانوں کا ‘منڈیوں’ میں زرعی پیداوار کے لیے مارکیٹ میں استحصال ہوتا رہے گا۔
بعد میں ورون گاندھی پورن پور پہنچے جہاں انہوں نے منڈی کا بھی دورہ کیا اور سرکاری خریداری مراکز کا معائنہ کیا۔ منڈی ملازمین کو تنبیہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ان سب کو تنبیہ کرنے آیا ہوں کہ وقت رہتے سب سدھر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا ایک نمائندہ ہر خریداری سنٹر میں موجود ہو گا اور اس پر نظر رکھے گا۔ وہ مرکز میں بدعنوانی اورمظالم کے ثبوت جمع کریں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS