ہماچل الیکشن: بی جے پی کے منشورمیں خواتین پر خصوصی توجہ

0

شملہ، (ایجنسیاں):بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جے پی نڈا نے اتوار کو ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات کے لیے اپنی پارٹی کا منشور جاری کیا۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں خواتین کے لیے الگ منشور جاری کیا گیا۔ پارٹی نے منشور کی تیاری کے لیے عام لوگوں سے تجاویز لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔ اس بار بی جے پی نے اپنے منشور میں نصف آبادی (خواتین) پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے نقدی سے لے کر ریزرویشن تک کے 11 بڑے وعدوں کے ساتھ انہیں منانے کی کوشش کی ہے۔بی جے پی صدر نے ہماچل کی خواتین کو سرکاری ملازمتوں میں 33 فیصد ریزرویشن دینے کا وعدہ کیا ہے۔ نڈا نے یہ بھی کہا کہ چھٹی سے بارہویں جماعت کی طالبات کو سائیکلیں اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والی لڑکیوں کو اسکوٹی دی جائے گی۔ بی جے پی کا مقصد ہماچل پردیش میں ہر بار حکومت بدلنے کے رجحان کو روکنا ہے۔ 68 رکنی ہماچل پردیش اسمبلی کے لیے ووٹنگ 12 نومبر کو ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی نڈا نے یکساں سول کوڈ کو نافذ کرنے، مرحلہ وار 8 لاکھ ملازمتیں پیدا کرنے اور پارٹی کے دوبارہ اقتدار میں آنے پر ریاست میں 5 نئے میڈیکل کالج کھولنے کا وعدہ کیا۔
بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے اتوار کو شملہ میں منشور ’سنکلپ پتر‘ جاری کرتے ہوئے عوام سے کئی مفت وعدے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہماچل پردیش میں دوبارہ بی جے پی کی حکومت بنتی ہے تو دیوی انناپورنا یوجنا کے تحت غریب طبقات کی خواتین کو سالانہ 3 مفت ایل پی جی سلنڈر دیے جائیں گے۔ بی جے پی نے خواتین کو بااختیار بنانے پر 11 اسکیمیں جاری کرکے خاتون ووٹروں تک پہنچنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔ اس نے مکھیہ منتری شگن یوجنا کی رقم 31 ہزار سے بڑھا کر 51 ہزار روپے کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ 12ویں جماعت کی ٹاپ 5 ہزار رینک والی طالبات کو بھی 2500 ماہانہ دیا جائے گا۔ اسکولی طلبا کو سائیکل دی جائے گی اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والی ہونہار طالبات کو اسکوٹی بھی دی جائے گی۔ خواتین کو بلا سود قرض فراہم کیے جائیں گے۔ اس کےلئے ایک کارپس فنڈ بھی بنایا جائے گا۔ یہی نہیں، حاملہ خواتین پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ خواتین کو بااختیار بنانے کے تحت 25 ہزار دیے جائیں گے۔ بی جے پی نے سنکلپ پاتر کے ذریعہ نوجوانوں تک بھی پہنچنے کی کوشش کی ہے۔ نڈا نے کہا کہ نوجوانوں کےلئے ’ہم اسٹارٹ اپ اسکیم‘ شروع کی جائے گی۔ اس کے تحت 9 ہزار کروڑ روپے کا کارپس فنڈ بنایا جائے گا، تاکہ اسٹارٹ اپ کو فروغ دیا جاسکے۔بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے کہا کہ کسانوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی، کیونکہ ریاست سیب کی کاشت کےلئے مشہور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم اسٹارٹ اپ اسکیم‘ نوجوانوں کے لیے شروع کی جائے گی۔ اس کے تحت 900 کروڑ روپے کا کارپس فنڈ رکھا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ جے رام ٹھاکر، ریاستی پارٹی صدر سریش کشیپ، مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر اور دیگر لیڈران موجود تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS