حجاب تنازع :اڈوپی میں 40 طالبات نے امتحان چھوڑا

0

منگلورو، (پی ٹی آئی) : کرناٹک کے اڈوپی ضلع کی 40 مسلم طالبات نے منگل کو پہلا پری یونیورسٹی امتحان چھوڑ دیا، کیونکہ وہ حال میں آنے والے ہائی کورٹ کے اس حکم سے مبینہ طور پر مجروح تھیں، جس کے مطابق کلاس کے اندر حجاب پہن کر داخلہ کو منظوری نہیں دی گئی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ طالبات 15 مارچ کے عدالت کے حکم سے ناخوش تھیں، اس لیے انہوں نے حجاب کے بغیر امتحان میں حاضر نہ ہونے کا فیصلہ لیا۔ منگل کو امتحان چھوڑنے والی طالبات میں کنڈاپور کی 24 لڑکیاں، بدور کی 14 اور اڈوپی سرکاری گرلس پی یو کالج کی 2 لڑکیاں شامل ہیں۔ یہ طالبات کلاس میں حجاب پہننے پر قانونی لڑائی میں شامل تھیں۔ ان لڑکیوں نے پہلے پریکٹیکل اگزام بھی چھوڑ دیا تھا۔ آر این شیٹی پی یو کالج میں 28 مسلم طالبات میں سے 13 امتحان میں شامل ہوئیں۔ حالانکہ کچھ طالبات حجاب پہن کر امتحان مرکز پہنچیں، لیکن انہیں داخل ہونے کی اجازت نہیں ملی۔ اڈوپی کے بھنڈارکر کالج کی 5 میں سے 4 طالبات نے امتحان دیا اور بسرور شاردا کالج کی سبھی طالبات امتحان میں حاضر رہیں۔ نووندا سرکاری پی یو کالج کی 8 میں سے 6 طالبات نے امتحان چھوڑ دیا ،جبکہ 10 مسلم لڑکیوں میں سے صرف 2 امتحان میں حاضر ہوئیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ضلع کے کچھ پرائیویٹ کالجوں نے لڑکیوں کو حجاب پہن کر امتحان دینے کی اجازت دی۔ سپریم کورٹ نے کرناٹک ہائی کورٹ کو چیلنج دینے والی عرضیوں پر فوری سماعت کرنے سے 24 مارچ کو انکار کر دیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS