کرناٹک میں حجاب پرپابندی ختم ہوگی، وزیر اعلی سدارمیا کاحکم

0

بنگلورو، (ایجنسیاں): کرناٹک کی کانگریس حکومت حجاب پر سے پابندی ہٹانے جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ سدارمیا نے جمعہ کو عہدیداروں سے کہا کہ وہ ریاست میں حجاب پر پابندی واپس لیں۔ سدارمیا نے کہا کہ لڑکیوں کو اپنے کپڑے چننے کا حق ہے۔ لڑکیاں اور خواتین جو چاہیں پہن سکتی ہیں۔

انہوں نے بی جے پی پر لوگوں کے کپڑے، پہناوے اور ذات پات کی بنیاد پر سماج کو تقسیم کرنے کا الزام لگایا۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں لوگ جو چاہیں پہننے اور کھانے کیلئے آزاد ہیں۔ آپ جو چاہیں پہنئے،جیسی مرضی کھایئے۔ جو مجھے چاہئے، کھاؤں گا۔ میں دھوتی پہنتاہوں، آپ پینٹ، شرٹ پہنتے ہیں، اس میں غلط کیا ہے؟

میسور میں ایک اپنے حلقہ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سدارمیا نے کہاکہ اب حجاب پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ خواتین حجاب پہن کر کہیں بھی جا سکتی ہیں۔ پابندی کا حکم واپس لینے کی ہدایت دے دی ہے۔ آپ کیسا لباس پہنتے ہیں اور کیا کھاتے ہیں یہ آپ کی مرضی ہے۔ میں آپ کو کیوں روکوں؟

مزید پڑھیں: ’آئین و جمہوریت کے تحفظ‘ کیلئے جنترمنتر پر ’انڈیا‘ کا مظاہرہ

یہ بھی پڑھیں: پارلیمنٹ کی سیکورٹی کی ذمہ داری سی آئی ایس ایف کے سپرد

واضح رہے کہ بی جے پی کی قیادت میں کرناٹک کی سابقہ حکومت نے اسکولوں اور کالجوں میں حجاب پہننے پر پابندی لگا دی تھی۔ اس حوالے سے کافی ہنگامہ ہوا تھا۔ یہ معاملہ کرناٹک ہائی کورٹ تک بھی پہنچا، فی الحال سپریم کورٹ میں ہے۔ اب ریاست میں کانگریس کی حکومت آنے کے بعد اس پابندی کو ہٹایا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS