حج 2022: ہندوستانی عازمین کے سفرحج کیلئے رقم کا اعلان

0

ہر ایک عازم حج کو 3لاکھ88ہزار 800 روپے ادا کرنے ہوں گے، حج کمیٹی کے توسط سے قربانی کرانے والے عازمین کو ادا کرنے ہوں گے 4لاکھ 5ہزار 547روپے
نئی دہلی (ایس این بی ) : حج 2022کے لئے 79ہزار237 ہندوستانی عازمین حج کیلئے پورے حج عمل کی پوری رقم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ عازمین کو حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے کیلئے اب کل 3 لاکھ88ہزار 800 روپے ادا کرنے ہوں گے ۔جو عازمین حج کمیٹی آف انڈیا کے توسط سے قربانی کرائیں گے تب انہیں 16ہزار 747 روپے اضافے کے ساتھ کل 4لاکھ 5ہزار 547روپے ادا کرنے ہوں گے ۔ملک کے 10 امبارکیشن سے روانہ ہونے والے عازمین حج سے اپنی بقایہ/مکمل رقم فوری جمع کرانے کو کہا گیا ہے ۔حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے والی ہندوستانی عازمین کی پہلی پرواز6 جون کوصبح3.55بجے ملک کے سب سے بڑے دہلی امبارکیشن (حج ٹرمنل ) سے مدینہ کے لئے اڑے گی جس میں کل 410 عازمین ہو ںگے ۔ دہلی سے آخری فلائٹ 17جون کو روانہ ہوگی ،جبکہ ہندوستان سے آخری پرواز 3جولائی کوروانہ ہو گی ۔
ملک کی راجدھانی دہلی کے عازمین حج کو حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے کیلئے اب کل3لاکھ 88 ہزار 800روپے ادا کرنے ہوں گے ۔جو عازمین حج کمیٹی آف انڈیا کے تحت قربانی کرائیں گے انہیں 16ہزار 747 روپے ان عازمین کوکل 4لاکھ 5ہزار 547روپے ادا کرنے ہوں گے۔ ان میں مکہ میں رہائش کے 51ہزار 750روپے ،مدینہ میں رہائش کے 15ہزار 525 ، معلم فیس 1لاکھ 84ہزار 941روپے(اس میںمختلف اخراجات میں معلم اور ٹرانسپورٹیشن ) ،کرنسی 43ہزار 260(جو کل رقم میں سے عازمین کو دی جائے گی )،ایئر فیئر 80ہزار 56روپے ،ایئر پورٹ چارجز (جی ایس ٹی +یو ڈی ایف +اے ڈی ایف +ایس اے ٹی ) 5ہزار 401،بیگس (2سوٹ کیس)6ہزار 867روپے اورایم آئی ایس سی ،ایکسپیسز ایک ہزار شامل ہیں۔ حج 2022میں ہندوستانی عازمین حج پر دو گنا خرچ بڑھا دیا گیا ہے اور رواں سال عازمین حج کو 4 لاکھ سے زیادہ روپے ادا کرنے ہوںگے ۔جبکہ یہی حج سال 2018میں محض 2لاکھ 20ہزار روپے میں ہورہا تھا ۔پچھلے دنوں تمام ہندستانی عازمین یعنی ہر ایک عازمین کو اسٹینڈرڈ لگیج (2سوٹ کیس ) مفت دینے بات سامنے آرہی تھی ۔لیکن ان دو سوٹ کیس کے عوض ہر ایک عازمین حج کو 6ہزار 867 روپے ادا کرنے ہوں گے۔حالانکہ ماضی میں بھی اسٹینڈرڈ لگیج یعنی دو سوٹ ہر ایک عازمین حج کو مہیا کرائے گئے تھے اور اس وقت ہر ایک عازم کو سوٹ کیس لینا لازمی قرار دیا گیا تھا اور ان سوٹ کے عوض کئی ہزار روپے ہر ایک عاز م سے رقم وصول کی گئی تھی ۔جب حج 2022کیلئے عازمین کو مفت سوٹ کیس مہیا کرانے کی بات سامنے آئی تب شک و شبہ کیا جا رہا تھا اور اب وہ شک شبہ یقین میں تبدیل ہوگیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ دہلی کے عازمین کے مقابلے جموں و کشمیر کے عازمین کو تقریباً 34ہزار روپے اضافی ادا کرنے ہوں گے۔ ایک اندازہ کے مطابق ملک کے دیگر امبارکیشن کے حساب سے عازمین حج کو جموں و کشمیر کی طرح زیادہ رقم خرچ کرنی پڑے گی ۔ حج خدمات سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ پچھلے دو سال سے کورونا کی وجہ سے حج نہیں ہورہا ہے اور کورونا وبا کی مار سبھی لوگوں پر پڑی ہے ،اس سال حج ہونے جا رہا ہے ،اس لئے حکومت کو حج سستا بنانے کے لئے اقدام کرنے کی ضرورت تھی لیکن صرف حکومت کے نمائندوں نے دنیا میں سب سے سستا حج ہونے کی دہائی دی اور اب جب حج کا پوراخرچ اعلان کیا گیا ہے تب سال 2018کے مقابلے حج 2022تقریباًدو گنا مہنگا ہوگیا ہے۔ دہلی کے اندرا گاندھی انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر واقع حج ٹرمنل سے دہلی کے علاوہ شمال ہند کی 7ریاستوں مغربی اتر پردیش، ہریانہ ،اترا کھنڈ ،پنجاب ،چنڈی گڑھ ،ہماچل پردیش اور راجستھان کے حجاج بیت اللہ شریف کی زیارت کے لئے روانہ ہوں گے جن کی کل تعداد تقریباً 10ہزار تک ہوگی۔جن میں دہلی کوٹہ کے منتخب 835عازمین شامل ہیں ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS