فلموں کا عالمی بازار اور ہندی فلمیں

0

وطن عزیز ہندوستان کی اگر کوئی فلم 500 کروڑ روپے کی کمائی کر لیتی ہے تو یہ بڑی بات سمجھی جاتی ہے۔ فلم والوں کا حوصلہ کافی بڑھا جاتا ہے لیکن سوال یہ اٹھتا ہے کہ عالمی سنیما کے مقابلے ہمارے ملک کی فلموں کی کارکردگی کیسی ہے؟ اس سوال کا جواب دینا زیادہ مشکل نہیں ہے۔ ہمارے ملک کی سب سے زیادہ کمانے والی عامر خان کی فلم ’دنگل‘ ہے۔ اس نے 2,024 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی یعنی 20 ارب 24کروڑ روپے جبکہ دنیا کی سب سے زیادہ کمانے والی 50 فلموں میں 50 ویں نمبرپر ’دی ڈارک نائٹ‘ ہے۔ 2008کی یہ انگریزی فلم 1.006 ارب ڈالر کمانے میں کامیاب رہی تھی۔ اگر ڈالر کی قدر ہندوستانی کرنسی میں 81 روپے ہی مانی جائے تو ’دی ڈارک نائٹ‘ کی کمائی 81.486 ارب تھی۔ مطلب یہ کہ ’دی ڈارک نائٹ ‘ نے ’دنگل‘ سے 4 گنا زیادہ کمائی کی تھی۔ اس سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ کمانے کے معاملے میں ہماری فلمیں دیگر زبانوں، خاص کر انگریزی فلموں سے کتنا پیچھے ہیں۔ اس کے باوجود بائیکاٹ ٹرینڈ چلاکر ہمارے فلم سازوں کے لیے مسئلے پیدا کیے جاتے ہیں اور ان کے لیے مسئلے گھریلو سطح پر ہی پیدا ہو جاتے ہیں جبکہ اگر ہندوستانی فلمیں دنیا بھر میں زیادہ کمائیں گی تو اس سے ملک کا ہی فائدہ ہوگا۔ اب بات کمائی کے لحاظ سے دنیا کی ٹاپ 10فلموں کی کرتے ہیں۔ فلم مبصرین کا اس پر اتفاق پایا جاتا ہے کہ اگر بڑھتی ہوئی مہنگائی کے لحاظ سے بات کی جائے تو کمائی کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ’گون وِد دی وِنڈ‘ کو ہی رکھنا پڑے گا۔ 1939 کی اس فلم کی مقبولیت آج تک ختم نہیں ہو سکی ہے لیکن جیسے ’قسمت‘ ، ’شعلے‘ اور ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کے ہالوں میں کافی چلنے کے باوجود یہ سب سے زیادہ کمانے والی ٹاپ 10ہندی فلموں میں شامل نہیں ہیں اسی طرح ’گون وِد دی وِنڈ‘ بھی دنیا کی سب سے زیادہ کمانے والی ٹاپ 10 فلموں میں شامل نہیں ہے۔
ایک وقت تھا کہ سب سے زیادہ کمانے والی فلم ’ٹائی ٹینک‘ بن گئی تھی۔ اس کی کمائی نے فلم والوں کو حیرت میں ڈال دیا تھا لیکن اب اس کی وہ پوزیشن نہیں ہے۔ سب سے زیادہ کمانے والی فلم ’اوتار‘ بن چکی ہے۔ 2009کی یہ فلم 2,922,917,914 ڈالر کمانے میں کامیاب رہی تھی۔ دوسرے نمبر پر ’ایونجرس: اینڈ گیم‘ ہے۔ 2019کی اس فلم نے 2,797,501,328 ڈالر کی کمائی کی تھی۔ تیسرے نمبرپر’ٹائی ٹینک ‘ ہے۔ 1997کی اس فلم نے 2,187,535,296 ڈالر کی کمائی کی تھی۔ چوتھے نمبر پر 2022کی فلم ’اوتار: دی وے آف واٹر ‘ نے 2,117,086,137 ڈالر کی کمائی کی تھی۔ پانچویں نمبر پر2015کی فلم ’اسٹار وارس: دی فورس ایویکنس ‘ نے 2,068,223,624 ڈالر کی کمائی کی تھی۔چھٹے نمبر کی 2018کی فلم ’ایونجرس: اِنفنٹی وار ‘ نے 2,048,359,754 ڈالر کی کمائی کی تھی۔ ’اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘ نے کافی مقبولیت حاصل کی تھی۔ وہ کمائی کے لحاظ سے ساتویں نمبر پر ہے۔ 2021کی اس فلم نے 1,921,847,111 ڈالر کی کمائی کی تھی۔ ’جیوراسک ورلڈ‘نے بھی عالمی سطح پرمقبولیت حاصل کی تھی۔ وہ آٹھویں نمبر پر ہے۔ 2015کی اس فلم نے 1,671,537,444 ڈالر کی کمائی کی تھی۔ 2019کی ’دی لوائن کنگ‘ نویں نمبرپر ہے۔ اس فلم کی کمائی 1,656,943,394 ڈالر رہی تھی۔ ’دی ایونجرس‘ کمائی کے لحاظ سے دسویں نمبر پر ہے۔ 2012کی اس فلم نے 1,518,815,515 ڈالر کی کمائی کی تھی۔ پہلی چار فلموں میں سے 3فلمیں ہدایت کار جیمز کیمرون کی ہیں اور ٹاپ 10 فلموں میں 2 فلمیں ہدایت کار انتھنی روسو اور جو روسو کی ہیں۔n

 

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS