کانگریس کو ضمانت ضبط کرانے کیلئے سیٹ دیتے؟: لالو

0
The Financial Express

پٹنہ (ایس این بی) : لالو پرساد نے کانگریس کے دلت لیڈر بھکت چرن داس کیلئے نازیبہ الفاظ کا اظہار کیا ہے۔ لالو پرساد نے بھکت چرن داس کے اس بیان پر رد عمل ظاہرکیا،جس میں بھکت نے کہا تھا کہ آر جے ڈی کا بی جے پی کے ساتھ اتحاد ہوگیا ہے۔ لالو نے بھکت چرن داس کیلئے’بھکچونہر‘لفظ کا استعمال کیا، جس کا مطلب بے وقوف ہوتا ہے۔ انہوں نے یہ بیان آج دہلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے دیا۔ کانگریس سے اتحاد ٹوٹنے کے سوال پر لالو نے کہا کہ کیا ہوتا ہے کانگریس کا اتحاد؟ ، کیا ہم ہارنے کیلئے کانگریس کو سیٹ دے دیتے یا ضمانت ضبط کرانے کیلئے؟۔


لالو پرساد کا بھکت چرن داس کو اس طرح کہنا اصل میں کانگریس لیڈر کنہیا کمار کو جواب ہے۔ بہارمیں آر جے ڈی کانگریس کے درمیان اتحاد ٹوٹنے کے بعد کانگریس کے ریاستی انچارج بھکت چرن دا س پر آر جے ڈی کی جانب سے لگاتار حملہ کیا جارہا ہے۔ 22 اکتوبر کو کنہیا کمار جب کانگریس دفتر صداقت آشرم پہنچے تھے، تب انہوں نے بھکت چرن داس پر بیان دینے والے آر جے ڈی لیڈر منوج جھا پر جوابی حملہ کیا تھا۔ کنہیا نے کہا تھا کہ پڑھا لکھا لیڈر لٹھیت کی زبان بولتاہے۔ کانگریس کے ریاستی انچارج کے بارے میں بولتا ہے، اگر یہ نہیں ہوتے تو ہمارے جیسے اور جگنیش جیسے لوگ کانگریس میں نہیں ہوتے،جو ترجمان بھکت چرن داس کے بارے میں بول رہے ہیں، وہ اپنے آقا سے پوچھ لیں کہ بھگت چرن داس کون ہیں۔آج آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد نے کنہیا کمار کی اسی بات کا جواب دیتے ہوئے بھکت چرن داس کو ’بھکچونہر‘ کہہ دیا ہے۔ اس سے پہلے منوج جھا نے دہلی میں کہاتھا کہ بھکت چرن داس اپنی سمجھ بڑھائیں، ہماری قربانی نہ بھولیں۔ بھکت چرن داس کو نہ تو بہار کی سمجھ ہے اور نہ بہار کی سیاسی، سماجی صورتحال کی سمجھ ہے اور نہ ہی آر جے ڈی کے جدوجہد کی۔ وہ کانگریس کی لٹیا ڈبودیں گے۔ لالو کے بیان پر کانگریس کے سینئر لیڈر انل شرما نے کہا کہ یہ جو ان کے دل کی حالت ہے۔ لالو پرساد اسی کی وجہ سے مقبول رہنے کے باوجود وزیراعظم نہیں بن پائے۔
انہوں نے کہا کہ چندرشیکھر جب وزیراعظم تھے، تب ان کے دفتر میں وزیررہ چکے ہیں بھکت چرن داس۔ جے پرکاش نارائن کے ذریعہ تشکیل چھاتر سنگھرش واہنی کے قومی کنوینر بھی تھے ۔ انل شرما نے کہا کہ بہار کے ضمنی انتخاب میں تو لالو پرساد کو اس کا خمیازہ بھگتنا ہی پڑے گا اور آنے والے انتخاب میں بھی بھگتنا ہوگا۔لالو پرساد اپنی زندگی میں اپنے بیٹے کو وزیراعلیٰ بنانے کا خواب پورا نہیں کرپائیں گے۔بھکت چرن داس کیلئے اس طرح کے الفاظ کا استعمال کرنا لالو پرساد کے ذہنی دیوالیہ پن کی علامت ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS