جامعہ نگر میں مشتبہ حالت میں شیبا کی لاش برآمد

0

نئی دہلی (ایس این بی) : جوگا بائی بٹلہ ہاؤس میں آج صبح انتہائی مخدوش اور مشتبہ حالت میں لڑکی کی لاش ملنے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ جوان لڑکی کی اس طرح موت سے لوگوں میں خوف کا ماحول ہے۔ پولیس پورے معاملہ کی تفتیش کررہی ہے۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق فلیٹ نمبر247/5 پہلی منزل آر بلاک، جوگابائی بٹلہ ہاؤس میں آج صبح9 بجے ایک لڑکی کی انتہائی مخدوش اور سڑی ہوئی لاش ملی ہے، جس کی شناخت شیبا عمر 30 سال کے طور پر ہوئی ہے اور ان کا آبائی وطن باندہ یوپی ہے۔
موقع پر موجود سماجی کارکن وکیل قریشی نے بتایا کہ فلیٹ کا دروازہ بند تھا اور دور تک بدبو پھیل رہی تھی ۔ فائر بریگیڈ کی مدد سے کھڑ کی توڑ کر پولیس اندر گئی اور لاش کو اپنے قبضے میںلے کر3 بجے پوسٹ مارٹم کے لئے ایمس بھیج دیا۔ انھوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر تو محسوس ہوتا ہے کہ لڑکی کی موت پھانسی لگانے سے ہوئی ہوگی کیونکہ لاش پنکھے کے نیچے فرش پر پڑی ہوئی تھی اور پنکھے میں لگی رسی بیچ سے ٹوٹی ہوئی تھی لیکن اس کا انکشاف تو پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد پولیس اور کرائم برانچ افسران ہی کریںگے ۔ انھوں نے کہاکہ فلیٹ کی پہلی منزل میں لڑکی اکیلی رہتی تھی اور دہلی میں کہیں پر ملازمت کرتی تھی۔ متوفیہ کے والدین 2 دن سے اسے فون کررہے تھے لیکن وہ فون ریسیو نہیں کررہی تھی۔ گزشتہ رات کو بھی گھروالوں نے اسے فون کیا،جب فون ریسیو نہیں کیا تو گھروالوں کو تشویش ہوئی۔ انھوں نے دہلی میں ہی کسی جاننے والے کو اس کی اطلاع دی ۔ جب صبح کوحالات کا جائزہ لینے کے لئے وہ فلیٹ پر پہنچے تو انھوںنے دروازہ بند پایا ۔ بعد ازاں انھوں نے اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ تقریباً ساڑھے 8 بجے جامعہ نگر پولیس وہاں پہنچی تو انھیں بھی دروازہ بند ملا۔ فائر بریگیڈ کی مدد سے کھڑکی توڑ کر دیکھا تو وہاں پر گلی سڑی اور مخدوش حالت میں لڑکی کی لاش پڑی ہوئی ہے۔ پولیس نے اس کی اطلاع کرائم برانچ اور انویسٹی گیشن ٹیم کودی ۔ کئی گھنٹے بعد تقریباً 3 بجے دن میں کرائم برانچ کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچی اور انھوں نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ایمس بھیجا۔ معاملہ کی تفتیش ابھی جاری ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS