مفت معالجاتی سہولتیں

0

کورونا وائرس نے یہ بتا دیا کہ ہیلتھ کیئر سسٹم پر توجہ دینے کی کتنی ضرورت ہے اور تیاری اس طرح کی ہونی چاہیے کہ وبا کے ابتدائی دنوں میں دقت نہ ہو، کیونکہ دیکھنے میں یہ آیا ہے کہ اچھا ہیلتھ کیئر سسٹم رکھنے والے ملکوں کو بھی کورونا نے ہلاکر رکھ دیا۔ وہاں بھی جانوں کا اتلاف بڑی تعداد میں ہوا۔ ویسے دنیا بھر کے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بات کیا کی جائے جبکہ دنیا بھر کے لوگوں کو صاف پانی بھی دستیاب نہیں ہے اور یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ صحت اچھی رکھنے کے لیے صاف پانی کی کتنی اہمیت ہے لیکن دنیا کے کئی ملکوں کے لیڈروں کے لیے صاف پانی کی فراہمی کی بھی اہمیت ہے اور ایک اچھے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بھی۔ دنیا کے 16 ممالک تو ایسے ہیں جہاں علاج کرانے کے لیے پیسے خرچ کرنے نہیں پڑتے۔ ہر طرح کا علاج مفت میں کیا جاتا ہے۔ فری ہیلتھ سسٹم مہیا کرانے کے معاملے میں بھی یوروپ سرفہرست ہے۔ ایک نہیں، دو نہیں، 10 یوروپی ملکوں میں علاج و معالجے کی فری سہولت ہے یعنی علاج و معالجے کی مفت سہولت فراہم کرنے والے دنیا بھر کے ملکوں میں سے نصف سے زیادہ ممالک یوروپ کے ہیں۔ ان ملکوں میں آئس لینڈ جیسا صرف 3.66 لاکھ کی آبادی والا ملک شامل ہے تو برطانیہ جیسا 6.72 کروڑ کی بڑی آبادی والا ملک بھی شامل ہے یعنی یہ بات نہیں کہی جا سکتی کہ کسی یوروپی ملک کی آبادی کم ہے، اس لیے وہاں علاج و معالجے کی مفت سہولت دی جا رہی ہے،البتہ یہ بات ضرورکہی جانی چاہیے کہ یوروپی اور خاص کر ان یوروپی ملکوں کے لیڈران لوگوں کی اچھی صحت کی اہمیت سے واقف ہیں جہاں علاج کرنے کے لیے پیسے نہیں لیے جاتے۔
یوروپ میں برطانیہ کے علاوہ سویڈن، ناروے، ڈنمارک، فن لینڈ، آئس لینڈ، سلووانیہ، پرتگال، اٹلی اور اسپین میں لوگوں کو علاج کرانے کے لیے خرچ نہیں کرنا پڑتا۔ ایشیا کی بات کریں تو مفت میں علاج و معالجے کی سہولت جاپان کے علاوہ متحدہ عرب امارات، کویت، قبرص اور بحرین میں ہے۔ شمالی امریکہ میں کنیڈا میں بھی لوگوں کو علاج پر خرچ نہیں کرنا پڑتا۔ کورونا نے کئی ملکوں کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو جھنجھوڑا ہے، اس لیے امید کی جاتی ہے کہ ان ملکوں میں بھی ہیلتھ کیئر سسٹم پر مزید توجہ دی جائے گی جہاں یہ سسٹم پہلے ہی یہ کافی اچھا ہے۔ اب اگر اپنے ملک ہندوستان کی بات کریں تو یہاں کے سرکاری اسپتال پرائیویٹ اسپتالوں کے مقابلے کافی سستے ہیں مگر مریضوں کی تعداد کے مقابلے سرکاری اسپتال کم ہیں۔ سرکار 50 کروڑ لوگوں کو علاج و معالجے میں راحت دینے کے لیے 5 لاکھ روپے کا بیمہ کور بھی دے رہی ہے۔ امید کی جانی چاہیے کہ آنے والے وقت میں ہمارے ملک میں بھی علاج و معالجے کی سہولتیں بڑھیں گی۔ n

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS