وزیراعظم سے لوگوں کو مفت ٹیکہ لگوانے کی اپیل

0

بنگلورو،ممبئی: کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر سدارمیا نے ہر شہری کو کووڈ-19 کے انفیکشن کے خطرے سے نجات دلانے کے لئے جمعہ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی سے مفت ٹیکہ کاری کرانے کی اپیل کی۔
سدارمیا نے وزیر اعظم کو لکھے گئے ایک خط میں کہا کہ اس عالمی وبا کے پھیلنے کی وجہ سے پورے ملک کو طرح طرح کے چیلنجوں کا سامنا ہے۔ اس وبا کی وجہ سے ملک کے لاکھوں لوگوں کا روزگار ختم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کا فرض ہے کہ وہ اس مشکل دورمیں وطن کے باشندوں کی مدد کے لئے آگے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ’ٹیکے کی تیاری سے ہر ایک کو امید ملی ہے اور سب کو ویکسین فراہم کرنا ضروری ہے۔‘ سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ٹیکہ کاری کی مہم کے لئے پرائیویٹ کلینک کو 250 روپے لینے کی اجازت دینے کے مرکزی حکومت کے فیصلے سے سب کے لئے مدافعتی ٹیکے کو یقینی بنانے اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوششوں پر منفی اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ 70 فیصد سے زیادہ لوگوں کے لیے ویکسین کی لاگت برداشت کرنا مشکل ہو گا اور انہیں ٹیکے کی رسائی نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے متعدد ممالک بشمول برازیل، کناڈا، ریاستہائے متحدہ امریکہ اور برطانیہ نے کووڈ- 19 کی ویکسین مفت فراہم کی ہے اور یہ سب کے لئے ویکسین یقینی بنانے کا صحیح طریقہ ہے۔ اگرچہ پرائیویٹ طبی مراکز کے ساتھ تعاون کا یہ صحیح طریقہ ہے لیکن مرکزی اور ریاستی حکومت دونوں کو اس کی ادائیگی کا بوجھ اٹھانا چاہیے۔سدارمیا نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم کا دفتر پی ایم کیئر فنڈ کے کھاتے کو عام کرنے میں ناکام رہا ہے اور پی ایم کیئرس فنڈ کے ذریعہ مفت ٹیکہ کاری فراہم کرنے میں بھی ناکام رہا ہے ۔
دوسری جانب معروف قانون داں و سابق رکن پارلیمنٹ مجید میمن نے بھی آج ممبئی میں مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کووڈ19- کی ویکسین مفت دستیاب کرائی جائے اور پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (آیشمان بھارت) کے تحت اسے پورے ملک کے عوام کو بغیر کسی قیمت کے دستیاب کرایاجائے۔ جے جے اسپتال میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ کووڈ کا ٹیکہ لگوانے کے بعد اخبار نویسوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہار انتخابات سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی مرکزی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ اگر بہار میں بی جے پی برسراقتدار آئی تو عوام میں کورونا کا مفت ٹیکہ دستیاب کرایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آج بہار میں بی جے پی اور ان کی ہمنوا سیاسی جماعت برسراقتدار ہے نیز اگر بہار کیلئے بی جے پی یہ وعدہ کر سکتی ہے تو پورے ملک کے عوام کو یہ ٹیکہ مفت دستیاب کیوں نہیں کرایا جا سکتا ؟ واضح رہے کہ یکم مارچ سے شروع ہونے والی اس ٹیکہ کاری مہم میں 60 سال سے زائد کے افراد کو ٹیکہ لگائے جانے کا عمل شروع ہو چکا ہے اور طے شدہ مراکز پر ان سے ڈھائی سو روپے وصول کر کے ٹیکہ دیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS