ای ڈی،سی بی آئی اور آئی ٹی کو مرکزی حکومت سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے: راہل گاندھی

0

ترونیل ویلی: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے جمعہ (12 اپریل) کو تمل ناڈو کے ترونیل ویلی میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں نظریات کی جنگ چل رہی ہے۔ ایک طرف انصاف، آزادی اور مساوات ہے۔ دوسری طرف آر ایس ایس، پی ایم مودی اور ان کی حکومت ہے۔

راہل گاندھی نے کہا کہ آج مرکزی حکومت ای ڈی، سی بی آئی اور آئی ٹی کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ الیکشن کمشنرز کا تقرر وزیراعظم خود کرتے ہیں۔ کانگریس کے بینک اکاؤنٹس انتخابات سے دو ماہ قبل منجمد کردیئے گئے ہیں۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اپوزیشن لیڈروں کو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

راہل نے کہا کہ ہندوستان میں کئی زبانیں، ثقافت اور تاریخ ہے۔ ہمارے لیے ہر چیز برابر اور اہم ہے۔ تاہم مودی کہتے ہیں کہ ایک ملک، ایک لیڈر اور ایک زبان ہونی چاہیے۔ لڑائی اسی پر ہے۔ تمل، بنگالی اور ملک کی دیگر زبانوں کے بغیر ہندوستان مکمل نہیں ہو سکتا۔

مزید پڑھیں: مرکزی حکومت دہلی میں صدر راج نافذ کرنے کی سازش کر رہی ہے: آتشی

راہل نے مزید کہا کہ بی جے پی لیڈر کھلے عام کہتے ہیں کہ اگر وہ دوبارہ اقتدار میں آئے تو وہ آئین کو بدل دیں گے۔ پی ایم مودی کو صرف اس بات کی پرواہ ہے کہ اس ملک کے مالیات اور مواصلاتی نظام پر ان کی اجارہ داری ہو۔ پہلے پوری دنیا ہندوستان کو جمہوریت کا سب سے بڑا ملک تصور کرتی تھی وہ آج کہتے ہیں کہ ہندوستان کی جمہوریت اب جمہوریت نہیں رہی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS