سابق کپتان مہیندرسنگھ دھونی ٹی-20 عالمی کپ میں ہندوستانی ٹیم کے مینٹر ہوں گے

0
Image: The Economics Times

نئی دہلی، (یو این آئی) ہندوستان کو دوعالمی کپ اور ایک آئی سی سی چیمپئن ٹرافی دلاچکے سابق ہندوستانی کپتان مہیندرسنگھ دھونی اگلے مہینے متحدہ عرب امارات (یواے ای) میں ہونے والے آئی سی سی ٹی-20 عالمی کپ میں ہندوستانی ٹیم کے مینٹر ہوں گے۔
ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری جے شاہ نے بدھ کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی ٹیم کے اعلان کے ساتھ اس کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا ، “جہاں تک ایم ایس دھونی کا تعلق ہے، میں نے ان سےبات کی تھی جب میں دبئی میں تھا۔ وہ صرف ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کے مینٹر بننے کے لئے راضی ہوگئے تھے۔ میں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ بھی اس پر تبادلہ خیال کیا ہے اور وہ سب اس پر متفق ہیں۔ میں نے ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی اور نائب کپتان روہت شرما کے ساتھ ساتھ کوچ روی شاستری سے بھی بات کی ہے اور ان کی بھی یہی رائے ہے۔
قابل ذکر ہے کہ دھونی نے بطور کپتان ہندوستانی ٹیم کے لیے تین بڑے آئی سی سی خطاب جیتے ہیں جن میں 2007 ٹی 20 ورلڈ کپ، 2011 ورلڈ کپ (ون ڈے) اور 2013 چیمپئنز ٹرافی شامل ہیں۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم دبئی میں 24 اکتوبر کوپاکستان کے خلاف مقابلے سے اپنی ٹی-20 عالمی کپ 2021 مہم شروع کرے گی۔ اس کے بعدوہ یہیں پر 31 اکتوبر کو نیوزی لینڈکے مدمقابل ہوگی، جبکہ 3 نومبر کوابوظہبی میں اس کا مقابلہ افغانستان سے ہوگا۔ ہندوستان گروپ مرحلے میں کل پانچ میچ کھیلے گا۔ اس کے آخری دو میچ بالترتیب 5 اور 8 نومبر کو کوالیفائر جیتنے والی دوٹیموں کے ساتھ ہوں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS