سابق آسٹریلین وکٹ کیپر راڈنی مارش بھی نہیں رہے

0

سڈنی (ایجنسیاں ) آسٹریلیا کے لیجنڈری وکٹ کیپر راڈنی مارش 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، انہوں نے 96 ٹیسٹ اور 92 ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنے ملک کی نمائندگی کی تھی۔ لیجنڈری وکٹ کیپر راڈنی مارش کو گزشتہ جمعرات کو دل کا دورہ پڑا ، جس سے وہ صحتیاب نہ ہو سکے اور 74 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ مارش نے 1970 سے 1984 تک آسٹریلیا کے لیے 96 ٹیسٹ میچزمیں وکٹوں کے پیچھے 355 شکار کیے جو ان کی ریٹائرمنٹ کے وقت ایک عالمی ریکارڈ تھا۔ انہوں نے ڈینس للی کی گیندوں پر ریکارڈ 95 بلے بازوں کوشکاربنایا تھا۔اس کے ساتھ ہی بطور وکٹ کیپران کے نام پہلی ٹیسٹ سنچری بنانے کا ریکارڈ بھی درج ہے ۔ ریٹائرمنٹ کے بعد، وہ ایک زمینی کوچ کے طورپر مشہورہوئے ، جن کا کام ٹیلنٹ کو تلاش کرنا اور ان کو نکھارنا تھا۔ انہوں نے کرکٹ آسٹریلیا، انگلینڈ اور پھر آئی سی سی کی اکیڈمیوں میں بطور کوچ کام کیا۔ انہوں نے کمنٹری بھی کی اور 2014 میں دو سال کے لیے آسٹریلیا کے چیف سلیکٹر بھی بنے ۔مارش کو 1982 میں برٹش ایمپائر آرڈر، 1985 میں اسپورٹ آسٹریلیا ہال آف فیم اور 2005 میں کرکٹ ہال آف فیم سے نوازا گیا۔ آسٹریلیا کے سابق کپتان مارک وا نے مارش کو کھیل کا ’’ایک آئیکون‘‘ قرار دیا ، دیگر کھلاڑیوں نے بھی راڈنی مارش کو مختلف الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS