مارچ میں انجینئرنگ برآمدات میں 70فیصد اضافہ
نئی دہلی،ممبئی(ایجنسیاں) ملکی زر مبادلہ کا ذخیرہ 26مارچ کو ختم ہفتے میں 2.98ارب ڈالر کم ہو کر 579.28 ارب ڈالر ہو گیا۔ گزشتہ ہفتے یہ 23.3کروڑ ڈالر بڑھ کر 582.27ارب ڈالر تھا اور مسلسل دو ہفتے اس میں اضافہ ہوا تھا۔ ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے جمعہ کے روز جاری ہفتہ وار اعداد و شمار کے مطابق 26مارچ کو ختم ہفتے میں زر مبادلہ کا ذخیرے کے سب سے بڑے جزو غیر ملکی اثاثہ 3.22 ارب ڈالر کم ہو کر 537.95ارب ڈالر کا ہو گیا تھا۔ دریں اثناء سونے کا ذخیرہ 27.6کروڑ ڈالر بڑھ کر 34.90ارب ڈالر تک پہنچ یگا۔ زیر جائزہ ہفتے میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے پاس ریزرو فنڈ 2.7کروڑ ڈالر کم ہو 4.93ارب ڈالر اور اسپیشل ڈرائنگ رائٹ 90لاکھ ڈالر کم ہو کر 1.49ارب ڈالر ہو گیا ہے ۔
ادھر بین الاقوامی بازار میں ہندوستانی انجینئرنگ مصنوعات کی مانگ میں اضافہ ہونے کی وجہ سے موجودہ سال کے مارچ میں ان کی برآمدات میں 70فیصد کا اضافہ درج کیا گیا۔انجینئرنگ پروڈکٹ پروموشن کونسل آف انڈیا نے جمعہ کو یہاں بتایا کہ کورونا وبا کے بعد غیرملکی بازاروں میں ہندوستانی مصنوعات کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے۔ انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات مارچ میں 2021میں 70.28فیصد اضافہ ہوا، جو ایک ریکارڈ ہے۔ کونسل کے صدر مہیش دیسائی نے کہاکہ انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات سے پتہ چلتا ہے کہ پوری دنیا کی معیشت میں بہتری آرہی ہے ، لیکن ابھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ ایک مہینہ کے اضافہ سے کوئی ٹھوس نتیجہ نہیں نکالا جانا چاہئے۔مجموعی ہندوستانی برآمدات میں انجینئرنگ مصنوعات کی ایکسپورٹ کی حصہ دار ی تقریباً 25فیصد ہے۔ یہ زرمبادلہ کا سب سے بڑا جز بھی ہے۔ اس شعبہ میں تقریباً 40لاکھ لوگ کام کرتے ہیں۔
دوسری جانب مرکزی حکومت رواں مالی سال میں سرکاری کمپنیوں کی حصے داری فروخت کرکے تقریباً 2لاکھ کروڑ روپے اکٹھا کرسکتی ہے۔ سرکار کا ہدف 1.75 لاکھ کروڑ روپے کا ہے۔ اگر سرکار 2لاکھ کروڑ اکٹھا کرلیتی ہے تو یہ پہلی بار ہوگا، جب سرکار اتنے بڑے ہدف کو حاصل کرلے گی۔ ابھی تک کسی ایک مالی سال میں سرکار نے ایک لاکھ کروڑ روپے ہی جمع کرنے کا ریکارڈ بنایاہے۔ رواں مالی سال میں سرکار نے جو ہدف مقرر کیاہے، اس میں آئی پی او، او ایف ایس کمپنیوں کی اسٹرٹیجک صورت سے حصے داری فروخت کرنااور دیگر طریقے بھی ہیں۔ حالانکہ پچھلے سال 2020-21 میں سرکار کوصرف 32835کروڑ روپے ہی ملے تھے، جبکہ ہدف 2.10لاکھ کروڑ روپے کا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS