گجرات سمیت کئی ریاستوں میں سیلاب کا قہر،الرٹ جاری

0
image:NDTV

نئی دہلی (ایس این بی) :ستمبر میں موسلا دھار بارش سے ملک کے کئی حصے سیلاب میں ڈوب گئے ہیں۔ گجرات سے لے کر راجستھان اور مہاراشٹر میں بارش کے سبب برا حال ہے۔ گجرات کے سوراشٹر علاقے کے کچھ اضلاع میں گزشتہ 36گھنٹے سے زیادہ وقت سے موسلادھار بارش کے سبب وہاں سیلاب جیسے حالات بن گئے ہیں۔ راحت اور بچاؤ کیلئے ایجنسیوں کے ساتھ ہی فضائیہ اور بحریہ کی بھی مدد لی جارہی ہے۔جام نگر کے کئی گاؤں میںحالات بیحد خراب ہیں۔ کئی گھروں کی پہلی منزل پوری طرح ڈوب گئی ہے۔ راج کوٹ میں افسران نے پیر کو فضائیہ اور بحریہ سے مدد مانگی تھی۔ہندوستانی فوج نے کہاکہ گجرات کے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ کے کاموں کیلئے مزید 6ٹیمیں تیار ہیں۔بحریہ کے سینئر افسر بچاؤ کی کوششوں میں مدد دینے کیلئے مقامی انتظامیہ کے مسلسل رابطے میںہیں۔ ذرائع کے مطابق بارش کے سبب سوارشٹر میں 3لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔ راج کوٹ اور جام نگر کی ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ نشیبی علاقوں میں لوگوں کو پانی کے جمع ہونے کے مسئلے کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ اس کے پیش نظر محکموں کو الرٹ جاری کرنا پڑا اور بچاؤ اور راحت کے کاموں کیلئے این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ ضلع انتظامیہ کے مطابق جام نگر اور راج کوٹ میں لوگوں کو نکالنے کیلئے فضائیہ کے ہیلی کاپٹروں کی بھی مدد لی گئی ہے۔ افسران نے بتایاکہ راج کوٹ کے کلاوار اور جام نگر ضلع کے جام جودھ پور میں کار کے بہہ جانے کے الگ الگ واقعہ میں ایک خاتون اور دو مرد کی موت ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی کئی ٹیموں کو راج کوٹ ، جونا گڑھ اور جام نگر بھیجا گیاہے۔ ضلع افسر سوربھ پاردھی کے مطابق جام نگر ضلع کے مختلف گاؤں سے فضائیہ کے ہیلی کاپٹروں کی مدد سے تقریباً 20لوگوں کو ایئر لفٹ کیاگیا اور 30دیگر کو بھی بچایا گیا۔ وہیں محکمہ موسمیات نے گجرات، مہاراشٹر اور چھتیس گڑھ کے کئی علاقوں میں بھاری بارش کے پیش نظر الرٹ جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو بھی الرٹ کیا گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے 4-5 دنوں تک ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے بھی منع کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS