راجستھان کے بیکانیر ضلع میں ایک گھر سے اٹھیں پانچ ارتھیاں

0

بیکانیر: (یو این آئی) راجستھان کے بیکانیر ضلع کی شری ڈونگر گڑھ تحصیل کے ادسرباس قصبے میں ایک ہی گھر سے پانچ ارتھیاں اٹھنے سے قصبے میں ماتم چھا گیا۔
قصبے کے لوگوں نے غمگین ماحول میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کو آخری بار رخصت کیا۔ ایک ساتھ ایک ہی گھر کی جلتی پانچ چتاؤں کو دیکھ کر لوگ غمگین ہوگئے اور ایک دوسرے کو گلے لگاکر رو پڑے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق منگل کی دوپہر کیمپر اور کار کی ٹکر میں مینی دیوی (45)، گایتری دیوی (40) م اتل (27) اور سویتا کی موت ہوگئی۔ مینا دیوی کے بیمار شوہر لال چند سینی جو پی بی ایم اسپتال میں داخل تھے، حادثہ برداشت نہ کرسکے اور وہ بھی دم توڑ گئے۔
اس کے کنبے کے یہ افراد لاک ڈاؤن کھلنے کے بعد اسپتال میں ان کی خیریت دریافت کرنے کے لئے ہی شری ڈونگر گڑھ کے لئے روانہ ہوئے تھے اور راستے میں ان کے ساتھ یہ حادثہ پیش آگیا۔ رات میں ہی سبھی لاشیں گھر پہنچا دی گئیں اور رات میں ہی پانچوں کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔ اس واقعے سے غمزدہ ہوئے لوگوں نے بدھ کی صبح بھی بازار بند رکھے۔
وزیر اعلی اشوک گہلوت نے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مسٹر گہلوت نے سوشل میڈیا کے ذریعے کہا کہ ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی موت انتہائی افسوسناک ہے۔ غمزدہ کنبہ کے ساتھ تعزیت ، خدا اس مشکل وقت میں ان کو ہمت عطا فرمائے، متوفیوں کی روح کو سکون عطا کرے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی خواہش بھی کی۔
اسی طرح سابق نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ نے بھی حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی موت کی خبر انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والی ہے۔ اس مشکل وقت میں سوگوار خاندانوں سے میری گہری تعزیت۔ ایشور متوفیوں کی روح کو سکون اور لو احقین کو صبر عطا کرے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS