سرسکا جنگل میں بھڑکی آگ ، 25ٹائیگر خطرے میں ، فضائیہ کی مدد لی گئی

0

الور(ایجنسیاں) : راجستھان کے الور کے سرسکا جنگل میں پھیلی آگ پر قابو پانے کیلئے فضائیہ کی مدد لی گئی ہے ۔ آئی اے ایف کے 2ہیلی کاپٹر سرسکا جنگل میں لگی آگ پر قابو پانے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ محکمہ جنگلات اور ضلع انتظامیہ نے بے قابو آگ پر قابو پانے کیلئے فضائیہ سے مدد طلب کی۔ اس کے بعد فضائیہ نے دو ہیلی کاپٹر الور بھیجے۔ اس پر منگل کی صبح فضائیہ کے دو ہیلی کاپٹر الور کے کیندریہ اسکول میں واقع ہیلی پیڈ پہنچے اور یہاں سے دونوں ہیلی کاپٹر الور کی سلیسہ جھیل سے پانی لے کر آگ سے متاثرہ جنگلاتی علاقے میں پانی چھڑکنے کا کام کر رہے ہیں۔سرسکا کے اکبر پور رینج کے بلیٹا اور پرتھوی پورہ ناکہ کے آس پاس کے علاقے کی خشک گھاس اور پودوں میں نامعلوم وجوہات کی وجہ سے لگی آگ پیر کی دیر رات تک بے قابو ہوگئی۔ سرسکا انتظامیہ نے فضائیہ کے ہیلی کاپٹر ڈرائیوروں کو جی پی ایس فراہم کیا ہے، جس کی مدد سے وہ جنگل کی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ محکمہ جنگلات کے 250 سے زائد ملازمین اور 300 سے زائد لوگ جنگل کی آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔سرسکا ایریا کے ڈائریکٹر آر این مینا نے بتایا کہ اکبر پور رینج کے بلیٹا-پرتھوی پورہ ناکہ کے آس پاس کے علاقوں میں خشک گھاس اور پودوں میں نامعلوم وجوہات کی وجہ سے آگ لگی۔ آگ بجھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ اس علاقے میں آگ لگنے سے جنگلات اور نباتات، گھاس، چھوٹی جھاڑیاں، بانس وغیرہ کے ساتھ ساتھ جنگلی حیات کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔ آگ جنگل کے جس حصے میں تیزی سے پھیل رہی ہے، وہاں کئی ٹائیگر ہیں۔اکبر پور رینج میں جہاں آگ لگی ہے، وہاں ٹائیگرس کی نرسری ہے۔ تقریباً 25ٹائیگرس ہیں۔ یہی سب سے بڑا خطرہ ہے۔
محکمہ جنگلات کے حکام نے بتایا کہ جنگل میں آگ لگنے سے جنگلاتی علاقے میں شہد کی مکھیوں کے چھتے ٹوٹ گئے ۔ ایسے میں پورے علاقے میں شہد کی مکھیاں مسلسل گھوم رہی ہیں، جس کی وجہ سے جنگلاتی علاقے میں لگی آگ بجھانے میں لگے جنگلاتی کارکنوں اور گاؤں والوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ جنگل سے ملحقہ گاؤں والوں پر شہد کی مکھیاں حملہ کر رہی ہیں۔اے ڈی ایم سٹی سنیتا پنکج نے بتایا کہ فضائیہ کی طرف سے فراہم کردہ ہیلی کاپٹروں کو ایندھن کا کوئی مسئلہ نہ ہو۔ اس کیلئے الگ سے ایندھن بھرنے کیلئے ایک ہیلی کاپٹر بھیجا گیا ہے، تاکہ آگ بجھانے میں کوئی پریشانی نہ ہو۔سنیتا پنکج ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر نے بتایا کہ سرسکا جنگلاتی علاقہ میں آگ تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے جے پور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم کو اطلاع دی گئی کہ سرسکا وائلڈ لائف ایریا میں آگ تیزی سے لگی ہے ۔ یہ پھیل رہی ہے ، جسے روکنا مشکل ثابت ہو رہا ہے ، آگ پر ہیلی کاپٹر سے ہی قابو پایا جا سکتا ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS