مرکزی سرکار نے تمام ریاستوں کو لکھا خط، رہنما ہدایات جاری،عوامی تقریبات پر ہوگی خاص نظر
مرکزی سرکار نے تمام ریاستوں کو لکھا خط، رہنما ہدایات جاری،عوامی تقریبات پر ہوگی خاص نظر
نئی دہلی ، ممبئی (ایجنسیاں):مرکزی ایڈیشنل ہیلتھ سکریٹری نے ملک کی تمام ریاستوں اور زیرمرکز ریاستوں کے چیف سکریٹریوں کو مکتوب بھیج کر ہولی، بیہو، شب برأت جیسے تہواروں کے دوران پابندیوں پر غورکرنے کی بات کہی ہے۔ اس خط میںکہا گیا ہے کہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے ہولی، شب برأت، بیہو، ایسٹر اور عید جیسے تہواروں کے دوران پابندیوں پر غور کیا جاسکتا ہے۔ مرکزی سرکار نے ہدایت دی ہے کہ بڑے پیمانے پر لوگوں کے ایک جگہ جمع ہونے پر روک کیلئے انتظامیہ ایسے فیصلے لے سکتی ہے۔محکمہ صحت کے ایڈیشنل سکریٹری آرتی آہوجہ کی جانب سے لکھے گئے مکتوب میں ریاستوں سے کہا گیا ہے کہ وہ تہواروں کے مدنظر پابندیوں پر غور کرسکتے ہیں۔ ریاستوں کی جانب سے تہواروں کے دوران بھیڑ جمع ہونے سے روکنے کیلئے آفات مینجمنٹ ایکٹ کے سیکشن 22 کے تحت ریاست اپنی جانب سے سختی کے فیصلے لے سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مکتوب میں کہا گیاہے کہ اس مقام پر اگر ہم نرمی برتتے ہیں تو اب تک کورونا سے جنگ میں جو جیت ملی ہے، وہ ختم ہوسکتی ہے۔ عوامی مقامات پر کورونا کے پروٹوکول کا عمل اور بھیڑ جمع ہونے سے روکنا ہی وبا کی روک تھام کیلئے بہتر تدابیر ہیں۔
اس درمیان گجرات سرکار نے ہدایت جاری کی ہے کہ ریاست میں ہولی کا تہوار محدود طریقے سے اور روایتی طور پر ہی منایا جائے۔ سرکار نے حکم دیا ہے کہ پروگراموں کا انعقاد کرنے والے لوگوں کو پوری احتیاط برتنی ہوگی اور عوامی مقامات پر ہولی کھیلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہولی کے دن کسی بھی طرح کے بڑے پروگرام یا پھر ایک جگہ پر بہت سے لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔ یوپی، دہلی، مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر میں پہلے ہی پابندی کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ گزشتہ روز بی ایم سی نے ممبئی میں عوامی مقامات پر ہولی کا تہوار نہ منانے کا حکم جاری کیا تھا۔مہاراشٹر حکومت نے مشورہ دیا ہے کہ لوگ گھروں میں نماز ادا کریں۔ ساتھ ہی مساجد کے ذمہ داران پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بیک وقت 40-50 سے زیادہ لوگوں کو نماز پڑھنے کی اجازت نہ دیں، تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ کوئی بھیڑ موجود نہیں ہے۔ بھیڑبھاڑ نہیں ہونا چاہئے ۔تاہم ، اگر کھلی جگہ پر نماز کانظم کیا گیا ہے تو اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ کہیں بھیڑ نہ لگے اور معاشرتی فاصلے کے اصول پر عمل کیا جائے۔اس درمیان جنوبی ممبئی میں واقع جامع مسجد کے بڑے قبرستان کیلئے پولیس نے وقت کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ بمبئی ٹرسٹ جامع مسجد کو بڑی رات (شب برأت) 28مارچ کیلئے رات 11 بجے تک منظوری دے دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ قومی راجدھانی دہلی میں بھی ہولی سمیت کئی تہواروں سے متعلق سرکار نے احکام جاری کیے ہیں۔ مدھیہ پردیش سرکار نے بھی ہولی کے موقع پر بھیڑ جمع ہونے سے روکنے کیلئے ’میراگھر میری ہولی‘ مہم شروع کی ہے اور لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھر پر ہی تہوار منائیں۔ اترپردیش سرکار نے بھی عوامی مقامات پر ہولی کا تہوار نہ منانے کی اپیل کی ہے۔ یہی نہیں راجستھان، چنڈی گڑھ، اتراکھنڈ سمیت کئی ریاستوں اور زیر مرکز ریاستوں نے اس سلسلے میں رہنما ہدایات جاری کی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS