کورونا وائرس کا فروری میں خطرناک شکل اختیار کرنے کا اندیشہ

0

نئی دہلی (ایجنسیاں) : ملک بھر میں ایک بار پھر کورونا وباخطرناک شکل اختیار کر رہی ہے۔ ایسے میں لوگوں کے ذہن میں سوال اٹھ رہا ہے کہ کیا ہندوستان میں کوئی تیسری لہر آئے گی؟ کووڈ-19 کے ماہرین اس سوال کا جواب اپنے اپنے انداز میں دے رہے ہیں۔ دریں اثناکیمبرج یونیورسٹی کے پروفیسر پال کٹومن نے پیش گوئی کی ہے کہ چند دنوں میں ہندوستان میں کووڈ19- کے معاملے میں بہت زیادہ اضافہ ہو سکتا ہے اور ہندوستان کو اگلے سال فروری میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ کیمبرج کی تحقیق میں پہلے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس سال مئی کے مہینے میں ہندوستان میں کورونا کی دوسری لہر آسکتی ہے۔ تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 1.4 ارب آبادی والے ہندوستان میں اومیکرون کی انٹری کے بعد سے کورونا کے معاملے بڑھ رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پروفیسر کٹومن کا کہنا ہے کہ چند دنوں میں یا ممکنہ طور پر اس ہفتے کے اندر کورونا کے نئے انفیکشن کی شرح میں تیزی شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فی الحال یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ اس کی شرح کتنی تیز ہوگی اور روزانہ کتنے معاملے سامنے آئیں گے۔غور طلب ہے کہ کٹومن اور ان کی ریسرچ ٹیم دنیا بھر کے ممالک میں کووڈ ٹریکر کا مطالعہ کرتی ہے۔ حالیہ دنوں میں اس نے ہندوستان کی 6 ریاستوں کو ’اہم تشویش‘ کے طور پر دیکھا، جس میں نئے معاملے کی شرح 5 فیصدسے زیادہ تھی۔ ٹریکر کے مطابق یہ سنگین صورتحال ہندوستان کی 11 ریاستوں تک پہنچ چکی ہے۔
ادھرملک میں گزشتہ 24گھنٹوں میں کورونا کے 9195نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد بڑھ کر 34808886 ہو گئی ہے۔ اس دوران 302 مریضوں کی موت ہو چکی ہے اور اب تک اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 480592 ہو گئی ہے۔منگل کو ملک میں 64لاکھ 61 ہزار 321 کووڈ ویکسین دی گئی اور اسی کے ساتھ مجموعی طور پر ٹیکہ کاری ایک ارب 43کروڑ 15لاکھ 35ہزار 641ہو گئی ہے۔بدھ کی صبح صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی طرف سے جاری، اعداد و شمار کے مطابق، ملک میں اب تک کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے کل 781 کیسز درج کیے گئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7ہزار 347 مریض صحتیاب ہونے کے بعد اس وبا سے نجات پانے والوں کی تعداد 3کروڑ 42 لاکھ 51 ہزار 292 ہو گئی ہے۔ اس دوران فعال کیسز 1576سے بڑھ کر 77002 ہو گئے۔ملک میں ریکوری ریٹ 98.40 فیصدہے۔
اور فعال کیسز کی شرح 0.22 فیصد ہے۔
اور اموات کی شرح 1.38 فیصد تک پہنچ گئی ہے ، اس وقت ملک میں سب سے زیادہ فعال کیسز کیرالہ میں ہیں۔ یہاں گزشتہ 24گھنٹوں میں فعال کیسز 822کم ہو کر 21086 ہو گئے ہیں۔ ریاست میں 3052 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے ساتھ ہی کورونا سے پاک لوگوں کی تعداد بڑھ کر 5171080 ہوگئی ہے۔ اس دوران مزید 244 مریضوں کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 47066 ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں میں کیرالہ میں کورونا کی وجہ سے سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ مہاراشٹر میں اس عرصے میں 1,052فعال کیسز کے اضافے کے ساتھ، ان کی کل تعداد بڑھ کر 15179ہو گئی ہے ، جبکہ مزید 22 مریضوں کی موت سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 141476ہو گئی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی 1098مزید مریضوں کے کورونا سے نجات پانے کے ساتھ ہی ان کی کل تعداد 6504831 ہو گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS