کورونا کے خلاف مہم تیز کرنے کیلئے تمام غیرملکی ویکسین کو بھی منظوری دے سکتی ہے سرکار
نئی دہلی(ایجنسیاں): ملک میں کورونا ویکسی نیشن مہم کو تیز کرنے کیلئے سرکار نے دیر رات کووڈ19-کی روس میں تیار ویکسین ’اسپوتنک وی‘ کو ایمرجنسی استعمال کیلئے منظوری دے دی۔ اس سے کچھ ہی گھنٹوں قبل ہندوستانی ایکسپرٹ پینل نے کورونا کے خلاف ایمرجنسی معاملوں میں اسپوتنک وی کو استعمال کی منظوری دینے کی سفارش کی تھی۔ اس کے ساتھ اب ہندوستان کے پاس کووڈ کے خلاف جنگ میں تین ویکسین ہیں:سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا اور آکسفورڈ اسٹراجینکا کے تعاون سے بنی کووی شیلڈ، بھارت بائیوٹیک کی کوویکسین اور روس کی اسپوتنک وی۔
دوسری طرف کورونا کے بڑھتے معاملے کو دیکھتے ہوئے سرکار کی تیاری یہ ہے کہ اس کے خلاف جنگ میں زیادہ سے زیادہ ٹیکوں کا متبادل ہو، تاکہ اس کے ویکسی نیشن کے دائرے کو بڑھایا جاسکے۔ اس سے قبل اسپوتنک وی کو استعمال کیلئے منظوری دی گئی ہے، لیکن اس کے ڈوز اس مہینے یا پھر اگلے مہینے کے آخر میں دستیاب ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اسی سال 5دیگر ویکسین کو بھی منظوری دی جاسکتی ہے۔ اس فہرست میں جانسن اینڈ جانسن، جائیڈس کیڈیلا، نوواویکس اور بھارت بائیوٹیک کی ناسل ویکسین کو بھی منظوری مل سکتی ہے۔ کورونا بحران سے نمٹنے کیلئے ویکسی نیشن کو تیز کرنا ضروری ہے اور پچھلے کچھ دنوں میں جس طرح سے ٹیکوں کی کمی پر سوال اٹھ رہے ہیں، یہ تشویشناک ہے۔ مہاراشٹر، پنجاب، دہلی، تلنگانہ اور راجستھان جیسی ریاستوں نے گزشتہ ہفتہ کورونا ویکسین کی کمی ہونے کی شکایت کی تھی۔ تاہم مرکزی وزیر برائے صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے مہاراشٹر سرکار پر حملہ بولتے ہوئے کہا تھا کہ وہ وبا کو روک پانے میں ناکام ہیں، اس لیے اس طرح کی باتیں کررہے ہیں، تاکہ ذمہ داری سے بچا جاسکے۔ ملک کی تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کو خطاب کرتے ہوئے پچھلے دنوں وزیراعظم نریندر مودی نے کہاتھا کہ میں آپ لوگوں سے کہنا چاہتاہوں کہ اگر کیس زیادہ ہیں تو فکر مند نہ ہوں۔ اگر کوئی کہتا ہے کہ آپ کی پرفارمنس خراب ہے تو کسی بھی طرح کے دباؤ میں نہ آئیں۔ انہوں نے کہاتھا کہ ویکسی نیشن کے مسئلے پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ واضح رہے کہ کانگریس کی طرف سے کئی بار یہ مانگ کی گئی ہے کہ غیرملکی ویکسینوں کو بھی منظوری دی جائے، جن کا وہاں استعمال ہورہاہے۔ کانگریس پارٹی کی سربراہ سونیاگاندھی نے وزیراعظم مودی کومکتوب بھیج کر یہ اپیل کی تھی۔ اس درمیان آج دیر شام میڈیا سے بات کرتے ہوئے مرکزی ہیلتھ سکریٹری راجیش بھوشن نے کہاکہ آج صبح 8بجے تک ملک میں 10.85کروڑ لوگوں کو ویکسین دی جاچکی ہے۔ گزشتہ 24گھنٹے میں 40لاکھ لوگوں کو کورونا کے ٹیکے دیے جاچکے ہیں۔
دوسری جانب مرکزی وزیر مملکت برائے سماجی انصاف و تفویض اختیارات رتن لال کٹاریہ نے معمر شہریوں کی ٹیکہ کاری کی سہولت کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔مسٹر رتن لال کٹاریا نے کہا کہ سینئر سٹیزن کی ٹیکہ کاری کی سہولت کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت صحت اورایمس کے ساتھ مل کر وزارت سماجی انصاف و تفویض اختیارات نے سینئر سٹیزن اور ان کی نگہداشت کرنے والوں کیلئے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے ۔وزیر موصوف نے کہا کہ وزارت سماجی انصاف نے ایک آفس سرکلر بھی جاری کیا ہے جس میں مخصوص ہدایات دئے گئے ہیں۔ انہوں نے معمر افراد کے لئے محفوظ ماحولیاتی بندوبست کو یقینی بنانے کے واسطے حکومت کے پروگراموں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS