آکسیجن اور دوائیں ایم آر پی سے زیادہ پر فروخت نہ ہوں

0

دہلی ہائی کورٹ کی کجریوال سرکار کو یقینی بنانے کی ہدایت
نئی دہلی(ایجنسیاں) : دہلی ہائی کورٹ نے اتوار کو دہلی سرکار کو یہ یقینی بنانے کیلئے کہا کہ کووڈ-19مریضوں کے علاج کیلئے ضروری آکسیجن سلنڈراورضروری دوا ایم آرپی سے زیادہ قیمت پر فروخت نہ ہوں۔ جسٹس وپن سانگھی اور جسٹس ریکھا پلی کی بنچ نے دہلی سرکار سے یہ بھی کہاکہ کووڈ19-سے متعلق دواؤں اور آلات کی جمع خوری اور کالا بازاری میں شامل پائے جانے والے لوگوں کے خلاف معاملے درج کئے جائیں۔ساتھ ہی توہین کی کارروائی کا سامنا کرنے کیلئے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔ واضح رہے کہ کچھ وکلاء نے عدالت کو بتایا تھا کہ دواؤں اور آلات کیلئے زیادہ رقم وصولی جارہی ہے، جس کے بعد عدالت نے یہ احکامات جاری کئے۔ دوسری طرف ایک دیگر معاملے میں مرکزی سرکار نے اتوار کو دہلی ہائی کورٹ میں عرضی داخل کرکے قومی راجدھانی کو الاٹ 490میٹرک ٹن آکسیجن کی سپلائی کرنے یا پھر توہین عدالت کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہنے سے متعلق آرڈر واپس لینے اپیل کی، جس پر عدالت نے دہلی سرکار سے جواب طلب کیا ہے۔ جسٹس وپن سانگھی اور جسٹس ریکھا پلی نے خصوصی سماعت کرتے ہوئے دہلی سرکار کو ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے بدھ تک اس معاملے میں جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عدالت نے کہاکہ وہ مرکزی کی عرضی پر جمعرات کو سماعت کرے گی، جبکہ دیگر معاملوں کی سماعت پیر کو ہوگی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS