دلچسپ مقابلہ میں انگلینڈ کی 8 رنوں سے فتح

0

پرتھ (یو این آئی) : ایلکس ہیلز(84) اور جوس بٹلر(68) کی جارحانہ نصف سنچریوں کے بعد مارک ووڈ (34/3)کی خطرناک گیندبازی کی بدولت انگلینڈ نے اتوار کو پہلے ٹی 20- میں آسٹریلیا کو 8 رن سے شکست دے دی۔ انگلینڈ نے آسٹریلیا کے سامنے20 اوورز میں209 رنز کا ہدف رکھاجس کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم صرف200 رنز تک ہی پہنچ سکی۔
انگلینڈ کے لئے جیت کی بنیاد رکھنے کے لیے ہیلز اور بٹلر نے پہلی وکٹ کے لیے68 گیندوں پر132 رنز کی شاندارشراکت قائم کی۔ ہیلز نے51 گیندوں پر12 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے84 رنز بنائے جبکہ بٹلر نے چوٹ سے واپسی کرتے ہوئے32 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے68 رن بنائے ۔ مڈل آرڈر کی ناکامی کے باوجود انگلینڈ نے20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر208 رنز بنائے اور یہ اسکور آسٹریلیا کے لیے چیلنجنگ ثابت ہوا۔ 209 کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے کیمرون گرین(01) کے آؤٹ ہونے کے باوجود پاور پلے میں 62 رنز جوڑے ۔ ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے دوسری وکٹ کے لیے71 رنز جوڑے ، حالانکہ مارش (36) کی وکٹ گرنے کے بعد ایرون فنچ (12) بھی جلد ہی پویلین لوٹ گئے ۔ اس کے بعد مارکس اسٹوئنس نے 15 گیندوں میں دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 35 رنز بنا کر آسٹریلیا کی پوزیشن مضبوط کر دی لیکن ووڈ نے 15 ویں اوور میں اسٹوئنس اور ٹم ڈیوڈ (صفر) کی وکٹیں لے کر میچ کو مزید دلچسپ بنا دیا۔ آسٹریلیا کو چار اوورز میں 40 رنز درکار تھے اور وارنر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر رہے تھے لیکن ووڈ ایک بار پھر انگلینڈ کے لیے کارگر ثابت ہوئے اور انہوں نے وارنر کو ہیلز کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ وارنر نے آؤٹ ہونے سے قبل 44 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے ۔ آسٹریلیا کو آخری اوور میں 16 رنز درکار تھے ۔ میتھیو ویڈ (21) نے پہلی گیند پر چوکا لگایا لیکن تیسری گیند پر ان کی وکٹ گرنے سے آسٹریلیا کی جیت کی امیدیں ختم ہوگئیں اور ٹیم20 اوورز میں200/9 تک پہنچ سکی۔ انگلینڈ کی جانب سے ووڈ کے علاوہ ریس ٹوپلی اور سیم کرن نے دو دو جبکہ عادل راشد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS