انگلینڈ نے پاکستان کو سنسنی خیز ٹسٹ میں 26 رنز سے شکست دے دی

0

ملتان (یو این آئی)
سعود شکیل (94) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت انگلینڈ نے پیر کو دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 26 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے ۔انگلینڈ نے پاکستان کو 355 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پاکستان ٹیسٹ کے چوتھے روز 328 رنز پر آل آؤٹ ہو گیا۔ انگلینڈ نے 22 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ سیریز جیت لی ہے ۔
اس سے قبل انہوں نے ناصر حسین کی کپتانی میں 2000 میں میزبان ٹیم کو 1-0 سے شکست دی تھی۔اس کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ فائنل کی دوڑ سے بھی باہر ہوگئی ہے۔ شکیل نے چوتھے دن کا آغاز 54 کے اسکور کے ساتھ کیا کیونکہ پاکستان فتح سے 157 رنز کم تھا۔ فہیم اشرف (10) کے آؤٹ ہونے کے بعد شکیل نے محمد نواز کے ساتھ 80 رنز کی شراکت داری کی۔ شکیل نے 213 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے 94 رنز بنائے جبکہ نواز نے 62 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے ۔شکیل-نواز کی شراکت پاکستان کو فتح تک لے جارہی تھی لیکن مارک ووڈ نے لنچ سے قبل دونوں بلے بازوں کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کو میچ میں واپس لے آئے ۔ابرار احمد (17) نے چار چوکوں کی مدد سے پاکستان کو کچھ امید دلائی، حالانکہ وہ زیادہ شراکت بنائے بغیر جیمز اینڈرسن کا شکار ہو گئے ۔ابرار کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کو جیت کے لیے 45 رنز درکار تھے جب کہ انگلینڈ فتح سے صرف دو وکٹیں دور تھیں۔ آغا سلمان (ناٹ آؤٹ 20) نے کچھ اچھے شاٹس کھیلے لیکن پاکستان کو 26 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ آخری دو بلے باز صفر پر آؤٹ ہو گئے ۔انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ نے دوسری اننگز میں سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں۔ اولی رابنسن اور اینڈرسن نے دو دو جبکہ جیک لیچ اور جو روٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 79 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد دوسری اننگز میں 275 رنز بنائے تھے ۔ ہیری بروک نے سیریز کی دوسری سنچری اسکور کی، انہوں نے 149 گیندوں پر 14 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 108 رنز بنائے جب کہ کپتان بین اسٹوکس نے 41 رنزبنائے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS