\آئی سی جے کی فضائی حدود کی پابندی کے معاملہ پر قطر کے موقف کی تائید

    0

    ہیگ: فضائی حدود پرپابندی کہ معاملے پرسعودی عرب،بحرین،مصر،متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے مقابلہ میں قطر کے موقف کی عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے)نے تائید کردی۔
     خیال  رہے کہ قطرکی ایئر لائن کو 3 سال سے اپنے چاروں پڑوسی ممالک کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے ۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق عالمی عدالت انصاف کے صدر نے کہا کہ 'بین الاقوامی سول ایوی ایشن کے فیصلے کے خلاف بحرین،مصر،سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی اپیل مسترد کی جاتی ہے'۔عدالت نے کہا کہ’’یہ معاملہ انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئی سی اے او) کے دائرہ اختیارمیں آتا ہے‘‘۔
    خیال رہے کہ آئی سی اے او نے 2018 میں فیصلہ دیا تھا کہ فضائی خودمختاری کے معاملہ پرقطر اوردیگر فریقین کے مابین جھگڑا ختم کرنا آئی سی اے او کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔
    دوسری جانب چاروں اتحادی ممالک نے آئی سی اے او کے فیصلہ کو مسترد کردیا تھا اور کہا تھا کہ وہ آئی سی اے او سے اتفاق نہیں کرتے اور مذکورہ ادارہ کی جانب سے فیصلہ صریحاً غلطی پر مبنی ہے جہاں فریقین کو صحیح طرح نہیں سنا گیا۔
     واضح  رہے کہ قطر نے آئی سی اے او میں اپنا مقدمہ پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے چاروں پڑوسی ممالک عالمی کنونشن کی خلاف ورزی کر رہے ہیں جو غیر ملکی مسافر طیاروں کو فضائی حدود سے گزرنے کی مکمل آزادی فراہم کرتا ہے۔جس پر چاروں ممالک نے عالمی عدالت انصاف سے آئی سی اے او کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی تھی۔
    قطر نے آئی سی جے کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ جو ممالک فضائی حدود کی ناکہ بندی کرتے ہیں انہیں عالمی ایوی ایشن قوانین کی خلاف ورزی پر ’
    انصاف کا سامنا‘کرنا پڑے گا۔وزیرٹرانسپورٹ اوراطلاعات جاسم سیف احمد السلیتی نے کہا کہ’’ہمیں پورا یقین ہے کہ آئی سی اے او پڑوسی ممالک کے
    اقدام کو غیر قانونی قرار دے گا‘‘۔ہمیں یقین ہے کہ آئی سی اے او بالآخر ان کارروائیوں کو غیر قانونی قرار پائے گا۔
    ان کا کہنا تھا کہ ’’بحرین،سعودی عرب،مصراور متحدہ  عرب امارات کا استدلال بتدریج مسترد ہو رہا ہے اورقطر پرلگنے والے الزامات ختم ہو رہے ہیں، عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ ان ممالک کے مخفی ارادوں کو ظاہر کر رہا ہے‘‘۔
    جون 2017 میں چاروں ممالک نے قطر کی فضائی کمپنی کے لئے اپنی فضائی حدود میں داخلے پر پابندی عائد کردی تھی۔جس کے بعد سے قطر کا موقف رہا ہے کہ فضائی راستہ روکنے والے ممالک بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔چاروں عرب ممالک نے جون 2017 میں قطر کےساتھ اچانک تعلقات منقطع کردیئے تھے اور الزام لگایا تھا کہ دوحہ’انتہا پسندوں‘کی پشت پناہی کر رہا ہے جب کہ قطر نے الزامات کی سختی سے تردید کی تھی۔
     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS