کولکاتا(یو این آئی)بنگال اسمبلی انتخابات کے چوتھے مرحلہ میں پولنگ کے دوران جم کر تشدد اور کوچ بہار علاقہ میں چار لوگوں کی مو ت ہونے پر جاری ہنگامہ کے درمیان الیکشن کمیشن نے کسی بھی سیاسی جماعت کے کوچ بہار جانے پر روک لگا دی ہے ۔الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے بعد محترمہ بنرجی نے کہاکہ الیکشن کمیشن کا نام بدل کرمودی کوڈ آف کنڈکٹ (ایم سی سی) رکھنا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی اپنی طاقت کا استعمال کرسکتی ہے لیکن دنیا میں کوئی بھی مجھے اپنے لوگوں کے پاس جانے اور ان کا دردبانٹنے سے روک نہیں سکتا۔ وہ مجھے کوچ بہار میں تین دنوں کے لئے اپنے بھائیوں اور بہنوں کے پاس جانے سے روک سکتے ہیں لیکن میں چوتھے دن وہاں جاؤں گی۔محترمہ بنرجی نے آج وہاں جانے کا اعلان کیا تھا جہاں 22سے 24 عمر کے چار نوجوانوں کی موت ہوگئی تھی۔ یہ واقعہ اس وقت ہوا جب سنیچر کو پولنگ کے دوران سیتل کوچی اسمبلی حلقہ کے تحت ماتھا بھانگا کے ایک پولنگ مرکز پر مرکزی سلامتی دستہ نے خود کے دفاع کے لئے فائرنگ کی تھی۔الیکشن کمیشن نے حالانکہ کسی بھی لیڈر کے کوچ بہار جانے پر 72گھنٹے تک روک لگا دی ہے ۔ اس آرڈر کے بعد ممتا بنرجی کا کوچ بہار کا دورہ منسوخ ہوگیا۔ تشدد کے بعد محترمہ بنرجی نے کہا تھاکہ وہ اتوار کو کوچ بہار جائیں گی۔محترمہ بنرجی آج پڑوسی ضلع جلپائی گڑی میں دو ریلیاں کرنے والی تھیں۔ انہوں نے اپنے دورہ کے پروگرام کو پھر سے جاری کیا اور چوتھے دن وہاں جانے کا فیصلہ کیا۔وزیراعلیٰ نے کوچ بہار میں مرکزی دستوں کے ذریعہ خود کے دفاع کے لئے گولی چلانے کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت واقعہ کی سی آئی ڈی جانچ شروع کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ اس واقعہ میں کس کے ہاتھ ہیں اس کا پتہ لگانے کے لئے سی آئی ڈی جانچ شروع کی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے کوچ بہار ضلع میں تشدد کے بعد کل بنگال میں جاری اسمبلی انتخابات کے دوران کچھ پابندیاں لگائی ہیں۔ کمیشن نے امن و قانون کی صورتحال مزید خراب ہونے کے کسی بھی اندیشہ کو بچنے کے لئے کوچ بہار ضلع میں اگلے 72گھنٹے تک لیڈروں کے داخلہ پر روک لگا دی ہے ۔ اس کے علاوہ ریاست میں پانچوں مرحلہ کے انتخابات سے پہلے تشہیر ختم کرنے کی حد 48گھنٹے سے بڑھا کر 72گھنٹے کردی گئی ہے ۔
ای سی کانام بدل کر ایم سی سی رکھنا چاہئے :ممتا
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS