’ٹیکہ اتسو‘سے پہلے ویکسین کی سپلائی کی مانگ نے پکڑا زور
نئی دہلی(ایجنسیاں):اس وقت ملک میں کورونا کی دوسری لہر چل رہی ہے اوراس کے ساتھ ہی ٹیکہ کاری کی مہم بھی چل رہی ہے ،روزانہ لاکھوں کی تعداد میں لوگوں کو ویکسین کی ڈوز دی جارہی ہے۔ ابھی تک 10کروڑ سے زیادہ لوگوں کو پہلی یا دوسری ڈوز لگائی جاچکی ہے ۔ایسے میں اچانک ریاستوں کی طرف سے ویکیسن کا اسٹاک ختم ہونے کی باتیں ہورہی ہیں اوربڑے پیمانے پر ویکسین کی فراہمی کے لئے مرکزی حکومت کو خطوط بھیجے جارہے ہیں ۔ تلنگانہ نے کہا ہے کہ اس کے پاس کورونا وائرس کی ویکسین کی کمی ہے۔ تلنگانہ نے اس سلسلے میں صحت سکریٹری راجیش بھوشن کوخط لکھ کرکہا ہے کہ ریاست میں صرف 3 دن کی ویکسین باقی ہے۔ اس خط میں ریاست کے چیف سکریٹری سویمش کمار نے درخواست کی ہے کہ اگلے 15 دن کے لئے ریاست میں ٹیکے کی 30 لاکھ خوراکیں بھیج دی جائیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ریاست میں کورونا ویکسین کی صرف 5.66 لاکھ خوراکیں باقی ہیں جو زیادہ سے زیادہ اگلے3 دن تک جاری رہیں گی۔ خط کے مطابق ، ریاست میں جمعہ کو کورونا ویکسین کی 1.15 لاکھ سے زیادہ خوراکیں دی گئیں اور اسے بڑھاکر روزانہ 2 لاکھ کرنے کا ہدف ہے۔ تلنگانہ کے علاوہ ، مہاراشٹر ، پنجاب ، راجستھان ، دہلی اور جھارکھنڈ نے بھی مرکز سے ویکسین کی مانگ کی ہے اور کہا ہے کہ ان کے پاس صرف کچھ دن باقی ہیں۔
پنجاب میں5 دن کا اسٹاک :ریاست کے وزیر اعلیٰ پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا کہ ریاست میں صرف 5 دن کے لئے ویکسین کا اسٹاک ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے ٹیکوں کی فراہمی کی اپیل کی ہے۔ کانگریس کی حکومت والی ریاستوں میں کورونا وائرس کے انفیکشن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لئے پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کے ساتھ ایک میٹنگ میں ، سنگھ نے کہا کہ ویکسی نیشن کی دھمی شروعات کے باوجودپنجاب میں 16 لاکھ سے زیادہ لوگوں کوٹیکے لگائے گئے ہیں۔ اوسطاً یہ تعدادیومیہ 85,000 سے 90,000 کے بیچ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کا موجودہ 5.7 لاکھ ویکسین کااسٹاک 5 دن میں ختم ہوجائے گا۔
راجستھان نے 30 لاکھ ویکسین کی مانگ کی:راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ ویکسین کی کمی ایک سچائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو ریاستوں کو اتھادی کی حیثیت سے دیکھنا چاہئے نہ کہ مخالفین کی طرح۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر بتادیا ہے کہ ریاست میں صرف ایک یا دو دن کی ویکسین بچی ہے۔ انہوں نے 30 لاکھ ویکسین کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔
چھتیس گڑھ نے 7 دنوں کی ویکسین مانگی:چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپش بگھیل نے کہا کہ ریاست میں کوروناویکسین کا اسٹاک صرف 2دنوں کے لئے بچی ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے 7 دنوں کے لئے ویکسین فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔
اوڈیشہ میں ویکسین کی کمی:اوڈیشہ میںٹیکہ کاری انچارج بجے پانی گرہی نے کہا ہے کہ ریاست میں صرف 2دنوں کے لئے ویکسین صرف بچی ہے۔
آندھرا پردیش کو 25 لاکھ ویکسین کی ضرورت:آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے بھی وزیر اعظم مودی سے 25 لاکھ ویکسین کی فراہمی کی اپیل کی ہے۔ ریڈی نے 11 سے 14 اپریل تک ریاست میں منعقدہ ‘ٹیکہ اتسو’ کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں صرف2 لاکھ ویکسین بچی ہیں۔
مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ میں بھی کمی:مہاراشٹر کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے 2دن قبل مرکز سے کہا تھا کہ ریاست میں ویکسین کی کمی ہے۔ ٹوپے نے مرکز سے ہر ہفتے ریاست کے لئے 40 لاکھ ویکسین کا مطالبہ کیا ہے۔جھارکھنڈ کی طرف سے بھی ویکسین کا اسٹاک ختم ہونے اورمزید بھیجنے کی مانگ کی خبریں آرہی ہیں ۔
بہار نے 30 لاکھ ویکسین کی مانگ کی : بہار نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کوونا ویکسین کی 30 لاکھ ڈوز مہیا کرے تاکہ کورونا ویکسینیشن مہم آسانی سے چل سکے۔ ریاست فی الحال ہر روز اوسطا 2سے3 لاکھ ٹیکہ لگایا جارہا ہے۔ ایسے میں کورونا ویکسین کے اسٹاک میں کمی کی وجہ سے ویکسینیشن مہم متاثر ہوگی۔وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایت کے مطابق ،ٹیکہ کاری کی خصوصی مہم ’ٹیکہ اتسو‘ 11 سے 14 اپریل تک بہار میں ہر روز تقریبا 4 لاکھ ڈوز دینے کا ہدف ہے۔ ایسے میں 4 دنوں میں ویکسین کی 16 لاکھ ڈوز کی ضرورت ہوگی۔ اس کے علاوہ ، روزانہ ویکسینیشن کی2سے3 لاکھ خوراکیں درکار ہوں گی۔ریاست کو جمعہ کے دن ویکسین کی9 لاکھ ڈوز موصول ہوئی تھیں۔ لیکن یہ ٹیکے خصوصی مہم اوراس کے بعد ٹیکہ کاری کے لئے کافی نہیں ہوں گے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS