کورونا کے دور میں ملک کو ملے 40نئے ارب پتی

0

ارب پتیوں کے معاملے میں ہندوستان کا تیسرا مقام، اوّل مقام پر چین اور دوسرے پر امریکہ
نئی دہلی ( ایجنسیاں ):کورونا کے باوجود ارب پتیوں کیلئے گزرا سال اچھا ثابت ہوا۔ ملک میں ارب پتیوں کی تعداد ایک سال میں 137 سے بڑھ کر 177 ہوگئی ہے۔ یعنی ایک سال میں ملک میں 40 ارب پتیوں کا اضافہ ہوا ہے۔ ہورون گلوبل رچ لسٹ 2021 میں یہ اعدادوشمار جاری کئے گئے ہیں۔ اس بار اس میں دنیا بھر کے 68ممالک اور 2402کمپنیوں سے 3228ارب پتیوں کو شامل کیاگیاہے۔ گزشتہ سال اس لسٹ میں 2814 ارب پتی تھے، یعنی اس بار دنیا بھر میں 414 ارب پتی بڑھے ہیں۔ ملک کے سب سے امیر صنعت کار اور ریلائنس انڈسٹری کے چیئرمین مکیش امبانی اس فہرست میں 9ویں پوزیشن سے بڑھ کر 8ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ ایک سال میں ان کی املاک میں 24فیصد کا اضافہ ہواہے۔ گزشتہ سال ان کی املاک 67ارب ڈالر تھی، جو اب 83ارب ڈالر یعنی 6.1 لاکھ کروڑ روپے ہوگئی ہے۔اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی کی املاک میں تقریباً دوگنا اضافہ ہوا ہے۔ ان کی املاک 17ارب ڈالر سے بڑھ کر 32ارب ڈالر یعنی 2.34لاکھ کروڑ روپے ہوگئی ہے۔ وہ20پوزیشن چھلانگ لگاکر دنیا کے 48ویں سب سے امیر شخص بن گئے ہیں۔ ہندوستان میں 177ارب پتی ہیں۔ سب سے زیادہ ارب پتیوں کی فہرست میں ملک تیسرے نمبر پر بناہوا ہے۔ ان 177ارب پتیوں میں 61 ممبئی سے ہیں۔ نئی دہلی میں 40 اور بنگلورو میں22ارب پتی ہیں۔ سب سے زیادہ 1058 ارب پتی چین میں ہیں۔ ایک سال میں ان کی تعداد میں 259 کا اضافہ ہوا ہے۔ دنیا میں سب سے زیادہ 145 ارب پتی بیجنگ میں رہتے ہیں۔ دوسرے نمبر پر شنگھائی ہے، جہاں 113 ارب پتی رہتے ہیں۔ ارب پتیوں کے معاملے میں امریکہ دوسرے نمبر پر ہے۔ یہاں 696ارب پتی ہیں اور ایک سال میں ان کی تعداد میں 70کا اضافہ ہوا ہے۔ نیویارک میں سب سے زیادہ 112ارب پتی رہتے ہیں۔
ہندوستان کے بعد چوتھے نمبر پر 141 ارب پتیوں کے ساتھ جرمنی اور 134 ارب پتیوں کے ساتھ یوکے پانچویں نمبر پر ہے۔ سوئٹزرلینڈ میں 100، روس میں85 اور فرانس میں 68ارب پتی رہتے ہیں۔ کورونا کے باوجود دنیا بھر کے 3228 ارب پتیوںکی دولت میں 32 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ان کی کل املاک 3.5ٹریلین ڈالر سے بڑھ کر 14.7ٹریلین ڈالر ہوگئی ہے۔ ایشیا میں سب سے زیادہ قریب 50 فیصد یعنی 165 ارب پتی ہیں۔ اس بار کی گلوبل لسٹ میں 8.7 فیصد ارب پتی ہیلتھ کیئر سیکٹر سے ہیں۔ ریئل اسٹیٹ سیکٹر سے بھی 8.7 فیصد اور کنزیومر گڈس سیکٹر سے 8.6 فیصد ارب پتی ہیں۔ ہندوستان کی 177 ارب پتیوں میں بھی سب سے زیادہ 37 ارب پتی ہیلتھ کیئر اور 26کنزیومر گڈس سیکٹر سے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS