مسلسل بارش کے سبب شہر کے نشیبی علاقے زیر آب

0
RSS Urdu فوٹو ۔بارش کے بعد قاسمی قبرستان کا منظر

دیوبند(اشرف عثمانی ؍ایس این بی) : مسلسل ہونے والی بارش کے سبب پورے شہر کے نشیبی علاقے خاص طورپر خانقاہ کا وی آئی پی سمجھا جانے والا علاقہ پوری طرح سے پانی سے لبریز ہے، حالانکہ بارش رکنے کے باوجود بھی پانی کی نکاسی بہتر طورپر نہ ہونے کی وجہ سے قاسمی قبرستان اور اطراف کے پورے علاقے اور تعلیمی اداروں میں کئی کئی فٹ پانی بھرا ہواہے، اس سلسلہ میں میونسپل بورڈ سے گزشتہ تین ہفتے سے شکایات کی جارہی ہیں لیکن اس پر خاطرخواہ توجہ نہیں دی گئی ،جس کے سبب صورتحال تاہنوز جوں کی توں ہے،بلکہ مسلسل بارش ہونے کے سبب ان علاقوں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔ قاسمی قبرستان جہاں ممتاز و مؤقر اکابرین دیوبند مدفون ہیں وہاں کی تمام قبریں پانی میں ڈوب گئی ہیں۔قبرستان انتظامیہ اور ان علاقوں میں واقع پبلک گرلز انٹر کالج،مدنی آئی ٹی آئی اور دیگر اداروں کے ذمہ داران مسلسل صفائی اور پانی کی نکاسی کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے اُس سطح پر صفائی کا بندوبست نہیں کیا جارہاہے ،جس کی اس وقت یہاں ضرورت ہے، حالانکہ انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ مسلسل نالوں کی صفائی کرائی جارہی ہے لیکن اس کے باوجود اس علاقہ سے پانی کی نکاسی کی فی لوقت کوئی صورت نظر نہیں آرہی ہے۔ لوگوں کا الزام ہے کہ اس علاقہ کے پانی نکاس کی جگہ پر غیر قانونی طریقہ سے تعمیر کرکے نکاسی کا راستہ تقریباً بند کردیاگیاہے،جس کی وجہ سے چاروں طرف بارش کا پانی گزشتہ تین ہفتوں سے بھرا پڑا ہے۔ وارڈممبر نمائندہ سید حارث کا کہناہے کہ مسلسل صفائی ٹیم کے ساتھ صفائی کے کام کو انجام دیا رجاہے اور جہاں جہاں سے نالے بند ہیں ان کو کھلوایا جارہاہے ،جلد ہی پانی کی نکاسی کی صورت کو بہتر بنایا جائے گا۔ادھر شہرکے لوگ اس بات کو لیکر بھی فکر مند نظر آرہے ہیں کہ اگر اس دوران قاسمی قبرستان میں تدفین کی ضرورت پیش آگئی تو اس صورت میں کیا ہوگا؟ وہیں اکابرین دیوبندسے عقیدت رکھنے والے اور قبرستان پہنچ کر فاتحہ خوانی کرنے والے افراد میں بھی سخت تشویش اور میونسپل بورڈ کے خلاف ناراضگی پائی جارہی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS