نئی دہلی : دہلی-این سی آر اور آس پاس کے علاقوں میں موسم کا مزاج بدل گیا۔ کئی مقامات پر تیز ہوا اور گرج کے ساتھ بوندا باندی سے درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی ہے۔ قومی راجدھانی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 2 سے 3ڈگری سیلسیس کی گراوٹ آئی ہے۔دہلی، نوائیڈاور غازی آباد کے کئی علاقوں میں دھول بھری آندھی کی وجہ سے کچھ دیر کیلئے بجلی کی سپلائی متاثر رہی۔کچھ مقامات پر ہلکی بارش کی بھی اطلاع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق یہ راحت تھوڑے وقت کیلئے ہے، تاہم 12مارچ کو بھی آندھی اور بارش کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ قومی راجدھانی میں منگل کی صبح تیز گرمی تھی۔ کم از کم درجہ حرارت کے ساتھ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں اضافہ درج کیاگیا، جس سے لوگوں کو پریشانی ہورہی تھی، لیکن رات قریب 8بجے موسم نے کروٹ بدلنا شروع کردیا، بادلوں کے ساتھ دھول بھری آندھی چلنے لگی اور یہ سلسلہ تقریباً 15 سے 20منٹ تک جاری رہا۔ اس درمیان ہوا کی رفتار 25 سے 35 کلو میٹر فی گھنٹہ رہی۔ دھول بھری آندھی کے سبب کچھ دیر کیلئے ماحول میں دھندلاپن چھا گیا، لیکن اس کے بعد ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔اس سے قبل کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.2 ڈگری سیلسیس پر پہنچ گیا، جو کہ معمول سے 5ڈگری زیادہ ہے۔ نجف گڑھ اور اسپورٹس کمپلیکس میں درجہ حرارت 35ڈگری اور پیتم پورہ میں 34.8 ڈگری رہا۔ کم از کم درجہ حرارت بھی 18.8 ڈگری درج کیاگیا، جو کہ معمول سے 5ڈگری زیادہ ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS