پنجاب کانگریس کے لیڈران کی گورنر سے ملاقات

0

معروف گلوکار موسے والا قتل معاملہ کی تحقیقات این آئی اے سے کرانے کا مطالبہ
نعیم خان
چندی گڑھ(ایس این بی) : پنجابی گلوکار سدھو موسے والا قتل کیس کے بعد پنجاب کانگریس کے رہنماؤں نے گورنر بی ایل پروہت سے ملاقات کی۔ جس کی قیادت پنجاب کانگریس کے صدر امریندر سنگھ راجہ وڈنگ اور اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پرتاپ سنگھ باجوہ نے کی۔ انہوں نے موسے والا کے قتل کی این آئی اے سے جانچ کرانے کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ عام آدمی پارٹی کے سپریمو اروند کجریوال اور پنجاب سے آپ کے راجیہ سبھا ممبر راگھو چڈھا کو دی گئی سیکورٹی پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔پنجاب کانگریس کے صدر امریندر سنگھ راجہ وڈنگ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بھگونت مان اور ڈی جی پی نے سنجیدگی نہیں لی۔ گینگسٹر شاہ رخ نے خود اعتراف کیا کہ وہ مسلح گارڈز کو دیکھ کرپہلے قتل نہیں کر سکا۔ دہلی پولیس نے پنجاب کو بھی اطلاع بھیجی۔ اس کے باوجود موسے والا سے 10 کمانڈوز اور ایک جپسی کو واپس لے لیا گیا۔وڈنگ نے کہا کہ اگر آپ اس شخص کی حفاظت کو کم کر رہے ہیں جس کو خطرہ ہے تو یہ ایک خفیہ دستاویز ہے۔ اسے عام نہیں کیا جا سکتا۔ جھوٹی شہرت کے لیے موسے والا کی سیکورٹی واپسی کو عام کیا گیا۔ سیکورٹی کا جائزہ لینے والے افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔ جس نے بھی یہ باتیں عام کیں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ وزیر اعلیٰ ہوں یا وزیر داخلہ، ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔اسمبلی میں قائد حزب اختلاف پرتاپ سنگھ باجوہ نے کہا کہ ہم نے کجریوال اور چڈھا کو دی گئی سیکورٹی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کجریوال کو 80-82 بندوق برداروں کی سیکورٹی کیوں دی گئی ہے؟ راگھو چڈھا کو 50-60 بندوق بردار کیوں دیے گئے، اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS