بی جے پی کی مرکزی سرکار آلودگی کے معاملے پر غیرسنجیدہ، گوپال رائے کا الزام
نئی دہلی(اظہار الحسن،ایس این بی) : دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے عالمی فضائی معیار کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کجریوال سرکار کی طرف سے آلودگی کے خلاف کئے گئے اقدام کے سبب دہلی میں 15 فیصد کم آلودگی ہوئی ہے ۔ ورلڈ ایئر کوالٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہلی میں آلودگی میں 15 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جبکہ پہلے دہلی دوسرے یا تیسرے مقام پر ہوتی تھی۔ رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں ٹاپ 10 کی فہرست میں شامل 9 شہروں میں زیادہ تر اترپردیش کے شہر ہیں۔
اس موقع پرگوپال رائے نے کہا کہ مرکزی سرکار آلودگی کے معاملے پر سنجیدہ نہیں ہے۔ دہلی سرکار کی بار بار درخواستوں کے بعد بھی این سی آر میں آلودگی پیدا کرنے والے بجلی گھروں اور اینٹوں کے بھٹوں کو بند نہیں کیا گیا۔ آلودگی کے معاملے پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ مرکزی سرکار کو ایئر کوالٹی کمیشن کو دوبارہ متحرک کرنا چاہئے، تاکہ وہ آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی کے اندر آلودگی کم کرنے کے پیچھے اس کی وجہ یہ ہے کہ اروند کجریوال کی سربراہی میں دہلی سرکار دہلی کے اندر آلودگی کو کم کرنے کے لئے مستقل کام کررہی ہے۔ ہم دہلی میں گرین بیلٹ بڑھانے کے لئے مستقل دباؤ ڈال رہے ہیں۔ دہلی کے اندر جو بھی صنعتیں آلودہ ایندھن پر چل رہی ہیں، ہم نے ایسی صنعتوں کو ختم کردیا ہے۔ ان تمام صنعتوں کا ایندھن تبدیل کردیا گیا ہے۔ ہم دہلی کے اندر درختوں کے پلانٹیشن کی پالیسی لائے، دہلی کے اندر الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی لائے، دہلی کے اندر دھول آلودگی کو کم کرنے کے لئے اینٹی اسموگ گن پالیسی لائے۔
اس موقع گوپال رائے نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ دہلی ملک کی پہلی ریاست ہے جس نے آلودگی کو کم کرنے کے لئے اپنے تھرمل پاور پلانٹس کو بند کیا ہے ۔ دہلی حکومت کا ارادہ اور کوشش ہے کہ ابھی آلودگی میں 15 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ آنے والے دنوں میں ، ہم دہلی کے عوام کے ساتھ آلودگی کو کم کرنے ، جنگی پیمانہ پر ہمہ جہت کام کرنے کے لئے کام کریں گے۔ ہمارا مقصد دہلی کو زیادہ ماحول دوست بنانا ہے۔ گوپال رائے نے کہا کہ آلودگی کے معاملے پر پڑوسی ریاستوں کے ساتھ بات چیت کا انحصار مرکزی حکومت کے اقدام پر ہے۔ مرکز کا رویہ منظرعام پر آگیا ہے ، یہ قابل اطمینان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مرکزی سرکارسے بار بار درخواست کرتے ہیں کہ شمالی ہندوستان میں آلودگی کا مسئلہ ایئر کا مسئلہ ہے۔ دہلی میں جو محنت ہم کر رہے ہیں ، وہ ہماری محنت بھی پلٹ رہی ہے ، کیونکہ جب ہوا چلتی ہے اور اس کی وجہ سے ، دہلی کے اندر آلودگی آجاتی ہے اور دہلی کے لوگوں کو بھی اس کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لہذا ، ہم بار بار مرکزی سرکارسے درخواست کرتے ہیں کہ مشترکہ کوشش کی ضرورت ہے۔ اتھارٹی جو تخلیق کی گئی تھی اور اب بند ہے ، اسے فوری طور پر چالو کیا جانا چاہئے۔ ہم نے پرالی کے معاملے پر ایئر کوالٹی کمیشن کے پاس درخواست دائر کی تھی، اب جب کمیشن ختم ہوچکا ہے تو ہماری درخواست پر کون غور کرے گا؟ میرا خیال ہے کہ اگر ہم ابھی سے پہل کریں گے تو ، ہم اگلے سال میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔
کجریوال سرکارکے اقدام سے آلودگی میں 15 فیصد کمی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS