دہلی وقف بورڈ میں آن لائن فتویٰ کی سہولت کا آغاز

    0

    نئی دہلی (ایس این بی) : دہلی وقف بورڈ روز بروز اپنی سرگرمیوں اور عوامی خدمات کا دائرہ وسیع کرتا جارہاہے ۔بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان کی رہنمائی میں ایک طرف جہاں ضرورت مند عوام اپنے دنیاوی اور اقتصادی مسائل کو لے کر بڑی تعداد میں وقف بورڈ سے رجوع کر رہے ہیں، وہیں اب شرعی مسائل میں بھی عوام کی رہنمائی دہلی وقف بورڈ سے کی جارہی ہے۔چیئرمین امانت اللہ خان نے علما اور ملت کے معزز افراد کے مطالبہ اور مشورہ پر دفتر وقف بورڈ دریا گنج میں 2020میں باقاعدہ شعبۂ دارالافتا کا قیام کیا تھا جس نے 2021میں باضابطہ اپنی خدمات کا آغاز کیا ہے جس کے لیے باقاعدہ 2تربیت یافتہ مفتیوں اور اسلامی اسکالرکا انتظام کیا گیا۔صدر مفتی ذکاوت حسین قاسمی اور نائب مفتی محمد طیب قاسمی کی زیر نگرانی شرعی مسائل میں رہنمائی کے لیے ضرورت مند دفتر وقف بورڈ کے شعبۂ دارالافتا سے رجوع کر رہے ہیں اور زبانی، تحریری یا فون پر مفتیان کرام سے رہنمائی حاصل کر رہے ہیں۔اب دفتر وقف بورڈ نے عوام کی مزید سہولت کے لیے اپنی ایمیل آئی ڈی جاری کی ہے جس پر کوئی بھی ضرورت مند انگلش،ہندی اور اردو زبانوں میں اپنے سوالات بھیج کر شرعی رہنمائی حاصل کر سکتا ہے۔ دفتر وقف بورڈ نے fatwadelhiwaqfboard@gmailکے نام سے آئی ڈی جاری کی ہے۔شعبہ کے صدر مفتی ذکاوت حسین قاسمی نے بتایا کہ دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان کی جانب سے اٹھایا گیا یہ ایک اہم قدم ہے ۔انہوںنے کہاکہ دفتر وقف بورڈ سے عوام اپنی دنیاوی ضروریات کے لیے رجوع کرتے ہیں تاہم اب شرعی رہنمائی بھی عوام دفتر وقف بورڈ سے حاصل کرسکتے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS