شدید گرمی سے جھلسی دہلی،راحت کی امید نہیں

0

نئی دہلی (ایس این بی) :دہلی پھر ایک بار جھلسنے لگی ہے۔ جمعہ کو دہلی کے کئی علاقے کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس سے بھی اوپر پہنچ گیا اور ہفتہ کو اس کے مزید اوپر پہنچنے کا امکان ہے۔ جمعہ کو پورے دن تیز دھوپ اور گرم ہواؤں کے تھپیڑے دہلی کے لوگوں کو جھلساتے رہے۔ آٹو، بس کی سیٹ اتنی گرم ہوگئی تھی کہ اس پر بیٹھنا تک مشکل ہوگیا تھا۔ دن میں لو کی طرح گرم ہوائیں چل رہی تھیں۔ امس بھی بڑھ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج یہاں کا اوسط زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا جو معمول سے 2 ڈگری سیلسیس زیادہ تھا۔ آج یہاں کا کم سے کم درجہ حرارت 24.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا جو معمول سے 3 ڈگری سیلسیس زیادہ رہا۔ محکمہ موسمیات کے اعداد وشمار کے مطابق یمنا اسپورٹس کمپلیکس کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45.7، پیتم پورہ45.6، نجف گڑھ 45.6، مونگیش پور 45.5، جافر پور44.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو یہاں کا درجہ حرارت 44 اور 25 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہے گا۔ دن میں آج کی ہی طرح لو چلے گی اور رات میں بھی گرمی سے کسی بھی طرح کی کوئی راحت نہیں ملنے والی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS