شاہین باغ میں آتشزدگی ، لاکھوں روپے کا سامان جل کر راکھ

0

نئی دہلی(ایس این بی) : دہلی کے مسلم اکثریتی علاقہ شاہین باغ میں آج ساڑھے3 بجے رات کو ایک جنرل اسٹور کی دکان میںآگ لگ گئی۔آگ اتنی بھیانک تھی کہ اسے بجھانے میں فائربریگیڈ کی 8 گاڑیوں کو تقریباً 4گھنٹے لگ گئے،اس آتشزدگی میں کسی کے ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق شاہین باغ کے ہائی ٹینشن روڈ پر واقع سبزی منڈی کے پاس ساڑھے3 بجے رات میں خان جنرل اسٹور میں آگ لگ گئی ،آگ اتنی بھیانک تھی کہ پہلی منزل پر رکھے جوتے کے گودام کو اپنی زد میں لے لیا اور شعلے اٹھنے لگے۔ آگ دیر رات میں آگ لگنے کی وجہ سے آس پاس میں رہنے والے لوگوں میں کھلبلی مچ گئی۔ خان جنرل اسٹور کے بغل میں رہنے والے بابر نے بتایا کہ آگ رات میں ساڑھے تین بجے لگی ہے، اس وقت چنگاری کی آواز آئی ، باہر دیکھا تو دھواں دکھائی دیا۔ آناً فاناً میں گھر میں موجود لوگوں کو دوسری جانب سے باہر نکالا اور اس کی اطلاع فائر بریگیڈ کو دی۔ جائے واقعہ پر فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیاں پہنچی اور بڑی مشقت سے 4 گھنٹے کے بعد آگ پر قابو پایا۔محمد بابر نے بتایا کہ رات زیادہ ہونے کی وجہ سے زیادہ تر لوگ نیند کی آغوش میں تھے۔ احتیاط کے طور پر انہوں نے بجلی محکمہ کو فون کرکے علاقے کی لائٹیں کٹوادیں تاکہ آگ زیادہ دور تک نہ پہنچ سکے۔فجرکی نماز کے بعد آتشزدگی کے مقام پر کافی بھیڑ جمع ہوگئی۔ بالآخر کار صبح7 بجے فائربریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھاکر واپس چلیں گئیں۔آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے،اندازہ لگایا جارہا ہے کہ اوپر سے ہائی ٹیشن کے تار گزرہاہے،شاید اسی کی گرمی کی وجہ سے آگ لگی ہوگی۔محمد بابر نے بتایا کہ آگ زنی میں کسی کی ہلاکت نہیں ہوئی ہے لیکن لاکھوں روپے کے مال جل کر راکھ ہوگیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS