مصطفی آباد کا 25فٹا روڈ خستہ حال،آمدورفت میں لوگوں کوپریشانی

0

نئی دہلی(محمدیامین؍ایس این بی)
مصطفی آباد اسمبلی حلقہ کے تحت 25فٹا روڈ انتہائی مصروف تقریبا ڈیڑھ کلو میٹر لبا ہے جس کے دونوں طرف مارکیٹ ہے مگر مقامی ممبر اسمبلی کی ناکامی اور نکمے پن سے مصطفی آباد کے 25فٹا روڈ کا برا حال ہونے پر لوگوں میں انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کے خلاف کافی ناراضگی ہے۔اس روڈ پر واقع سماجی کارکن ذاکر حسین کاکہنا ہے کہ گزشتہ دس برس سے 25فٹا روڈ کی خستہ حالت بنی ہوئی ہے اور معمولی بارش ہوتے ہی پورا روڈ ندی و تالاب میں تبدیل ہوجاتا ہے جس کے نتیجہ میں آمدو رفت بند ہونے پر مارکیٹ کا نظم درہم برہم رہتا ہے جس سے دکانداروں کو دکانوں کا کرایا نکالنا بڑا مشکل ہورہا ہے اور ضروریات کی چیزیں حاصل کرنے میں خریدار بھی پریشانی سے دوچار ہیں مگر ممبر اسمبلی کو کوئی پرواہ نہیں ہے۔اسی روڈ پر واقع نور مسجد کے امام و خطیب مولانا ذاکر حسین قاسمی کا کہنا ہے کہ موجوہ ممبر اسمبلی کی ذمہ داری بنتی ہے کہ مصروف ترین 25 فٹا روڈ کو بہتر سے بہتر ازسرنو بنوائیں تاکہ لاکھوں لوگوں کی دیرینہ پریشانی کا خاتمہ ہوسکے۔مدرسہ رحمانیہ دارا لقران کے بانی و مہتمم مولانا محمد رضوان انجم قاسمی کا کہنا ہے کہ مصطفی آباد اسمبلی حلقہ میں 25 فٹا روڈ کی مارکیٹ بہت اہم ہے جس میں ہمہ وقت خریدو فروخت کا بازار گرم رہتا ہے مگرروڈ کی خراب حالت سے سیکڑوں دکاندار ، خریدار اور آنے جانے والے لوگ پریشانی سے دوچار ہیں جس طرف کوئی توجہ دینے والا نہیں ہے۔اشوک بگھیل اوررمیش چند کا کہنا ہے کہ جب سے عام آدمی پارٹی کا نمائندہ مصطفی آباد کو ملا ہے تبھی سے لوگ پریشان ہیں کیونکہ اسے عوامی مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے اور نہ ہی ان کی پبلک ڈیلنگ بہتر بتائی جاتی ہے جس کے نتیجہ میں لوگ مزید پریشانی سے دوچار ہیں ۔ان کا مزید کہنا ہے کہ ممبر اسمبلی کے لواحقین اور خاص طور سے موصوف کے داماد کے برتائوں سے لوگ نالاں ہیںجبکہ عوامی نمائندوں اور ان کے لواحقین کو عوام کے ساتھ اچھا برتائوں کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے اور یہی قیادت کا تقاضہ بھی ہے مگر مصطفی آباد کے لوگ اپنے ایم ایل اے کی ناکامی سے پریشان ہیں ۔محمد عظیم کا کہنا ہے کہ برسات کا موسم ہے اور دودن سے بارش بھی نہیں ہوئی ہے مگر 25فٹا روڈ تالاب بنا ہوا ہے اور ٹوٹا پھوٹا وجگہ جگہ گڈھے ہونے سے رکشہ پلٹنا ،اسکوٹر موٹر سائیکل آپس میں ٹکرانا اور چوٹیں آنا لوگوں کا مقدر بنا ہوا ہے جس کے تعلق سے منتخب نمائندے سے بتانے کے باوجود کوئی توجہ نہیں دی جاتی۔دکانداروں اور خریداروں میں محمد ذیشان، علا ئو الدین ، محمد نسیم و دیگر مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ منتخب نمائندہ عوامی مسال کے خاتمہ کے لئے ہوتا ہے لیکن ہمارے نمائندہ کو اپنی ذمہ داری نبھانے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے جس سے مصطفی آباد اسمبلی حلقہ کا براحال ہے ۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS