دہلی میں مہلک بیماری’بلیک فنگس‘وبا قرار

0

نئی دہلی (ایس این بی)دہلی سرکار نے جمعرات کو بلیک فنگس کو وبا قرار دے دیا ہے۔دہلی سرکار کے ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ جمعرات کو جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دہلی ایپڈمک ڈزیز ریگولیشن 2021کے تحت آج کی تاریخ سے ایک سال تک بلیک فنگس کو راجدھانی میں وبا قرار دیا جارہا ہے۔دہلی کے سبھی نجی اور سرکاری اسپتال اب بلیک فنگس کو اسکریننگ اور علاج کے دوران مرکزی سرکار کے ہیلتھ محکمہ ،آئی سی ایم آر اور دہلی سرکار کی گائڈ لائن پر عمل کریں گے۔لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل کی منظوری کے بعد یہ فیصلہ نافذ ہوا ہے۔
ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ جاری ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ بلیک فنگس ممکنہ (سسپیکس) مریض یا اصل مریض کے بارے میں اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے ذریعہ دہلی سرکار کے ہیلتھ محکمہ کو مطلع کیا جائے گا۔کوئی شخص یا ادارہ بلیک فنگس سے متعلق جانکاری یا علاج کے طریق کار سے متعلق جانکاری بغیر دہلی سرکار کی پیشگی منظوری لئے نہیں پھیلائے گا یا تقسیم کرے گا۔کوئی بھی شخص یا ادارہ بلیک فنگس کے بارے میں دہلی سرکار کی پیشگی منظوری لئے بغیر جانکاری اشتراک نہیں کرے گا اور پرنٹ یا الیکٹرانک میڈیا کا استعمال نہیں کرے گا۔دہلی سرکار نے ہر ایک ضلع میں چیف ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو ان ہدایات پر عمل نہ کرنے کے متعلق معاملوں کا جائزہ لے گی۔ان سبھی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر ڈی ایم کے ذریعہ کارروائی کی جائے گی ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS