ہم دہلی کے ہر شہری کے ساتھ ہیں:کجریوال

0

نئی دہلی: دارالحکومت دہلی میں 8 فروری کو اسمبلی انتخابات کے لئے ووٹ ڈالے جائیں گے، وہیں دہلی کے مختلف علاقوں میں این آر سی اور شہریت قانون کے خلاف پر زور احتجاج ہو رہے ہیں۔ سیاسی جماعتیں اپنے اپنے ووٹ بینک کو مضبوط کرنے میں مصروف ہیں۔ بی جے پی جہاں ہندو مسلم کر رہی ہے وہیں کانگریس تذبذب کے ساتھ  شہریت قانون کی مخالفت اور اپنے سابقہ کام کاج  کی بنیاد پر ووٹ چاہتی ہے۔ دوسری جانب بر سر اقتدار جماعت عام آدمی پارٹی اپنے کام کاج اور حصول یابیوں کی بنیاد پر ووٹرس کو لبھانے میں لگی ہوئی ہے۔ سی اے اے، این آر سی اور این پی آر  کے خلاف عام آدمی پارٹی نے بالکل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ جس پر مظاہرین کی جانب سے تنقید کا بھی سلسلہ جاری ہے۔ واضح رہے کہ عام آدمی پارٹی نے پارلیمنٹ میں اس قانون کے خلاف ووٹ کیا تھا، لیکن دہلی الیکشن کو دیکھتے ہوئے خاموش ہے۔ جبکہ دہلی کے نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا ایک چینل کو دئے گئے انٹرویو میں کہہ چکے ہیں کہ وہ شاہین باغ کے لوگوں کے ساتھ ہیں۔آج عام آدمی پارٹی کی سربراہ اور دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال نے ایک پریس کانفرنس کی۔  جس میں ان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ شاہین باغ کے لوگوں کے ساتھ اب بھی ہیں؟ جس پر کجریوال نے جواب دیا اب بھی کا کیا مطلب؟ ’ہم دہلی کے ہر شہری کے ساتھ ہیں، ہم دہلی کے سبھی شہریوں کی بہتری چاہتے ہیں، ہم سنگم وہار کے ساتھ بھی ہیں اور ہم راجندر نگر کے ساتھ بھی ہیں، ہم دہلی کے ہر شہری کو اچھی تعلیم، اچھی صحت، اچھی سڑکیں اور بجلی دینا چاہتے ہیں اور اسی میں ملک اور دہلی کی ترقی ممکن ہے‘۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS