نئی دہلی: دہلی حکومت نے منگل کے روز ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے گھر گھر راشن پہچانے کی اسکیم کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلی اروند کیجریول کی صدارت میں ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔
کیجریوال نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ میڈیا کو اس کی اطلاع دیتے ہوئے آج بتایا کہ ’وزیراعلی گھر گھر راشن اسکیم‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسکیم نافذ ہونے پر دلی کے لوگوں کے لئے گھر گھر راشن پہنچایا جائے گا اور لوگوں کو راشن کی دکان پر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
کیجریوال نے بتایا کہ لوگوں کو یہ متبادل دیا جائے گا کہ جو دکان پر جاکر راشن لینا چاہے، وہ دکان پر جاکر راشن لے سکتا ہے اور اگر گھر پر ڈلیوری چاہتے ہیں تو اس کا متبادل استعمال کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے چھ سے سات مہینوں میں راشن کی ہوم ڈلیوری شروع ہوجائے گی۔ ہوم ڈلیوری میں گیہو کی بجائے آٹا دیا جائے گا۔
وزیراعلی نے یہ بھی بتایا کہ دہلی میں راشن کی گھر پر ڈلیوری شروع ہوگی، اسی دن مرکزی حکومت کی ’ون نیشن ون راشن کارڈ‘ اسکیم بھی شروع کردی جائے گی۔
وزیراعلی نے کہا کہ گزشتہ پانچ برس میں ان کی حکومت نے راشن بندوبست میں کافی اصلاحات کی ہیں۔ کابینہ کا فیصلہ کسی انقلابی فیصلے سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت اب لوگوں کو راشن کی دکان پر نہیں جانا نہیں پڑے گا بلکہ راشن لوگوں کے گھروں میں پہنچایا جائے گا۔ ایف سی آئی کے گودام سے گیہیوں اٹھاکر اس کا آٹا پسوایا جائے گا۔ چاول اور چینی کی پیکنگ کرکے انہیں تقسیم کیا جائے گا۔