نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے پرچہ نامزدگی کا سلسلہ جاری ہے۔ آج دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال بھی پرچہ داخل کررہے ہیں۔ انہوں نے پرچہ نامزدگی سے قبل اپنی والدہ سے دعائیں لیں، اس کے بعد عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کیجریوال نئی دہلی اسمبلی سیٹ سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے لیے روانہ ہوئے۔ نئی دہلی اسمبلی سیٹ کیجریوال کے سیاسی عہد کے لیے کافی اہم ہے کیوں کہ انہوں نے سب سے پہلے 2013 میں سابق وزیراعلیٰ اور کانگریس کی قدآور لیڈر شیلا دکشت کو شکست دی تھی، اس کے بعد 2015 میں انہوں نے بی جے پی لیڈر نوپور شرما کو ہرایا تھا۔ آج کیجریوال روڈ شو کرتے ہوئے پرچہ نامزدگی کے لیے جارہے ہیں۔ کیجریوال کا روڈ شو دہلی کے قلب کناٹ پلیس سے پنچکویاں روڈ ہوتے ہوئے بابا کھڑک سنگھ مارگ جائے گا۔ انہوں نے اپنے حمایتوں سے روڈ شو میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔ اروند کیجریوال تیسری دفعہ نئی دہلی اسمبلی سیٹ سے انتخاب لڑرہے ہیں۔ واضح رہے کہ اب تک کانگریس اور بی جے پی نے نئی دہلی اسمبلی سیٹ سے اپنے امیدوار نہیں اتارے ہیں۔ دہلی میں 8 فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے جب کہ 11 فروری کو نتائج کا اعلان ہوجائے گا۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS