کیجریوال کے  پرچہ نامزدگی  کے دوران ہنگامہ

0

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے کنوینر اوردہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے دوران بڑی تعداد میں وہاں پرچہ نامزدگی داخل کرنے آئے امیدواروں نے ہنگامہ کیا۔ جام نگر ہاؤس میں واقع نئی دہلی اسمبلی سیٹ کے الیکشن افسردفتر احاطے میں آج بڑی تعداد میں امیدواروں کا ہجوم  اکٹھا  ہو گیا تھا۔ ہجوم کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پرچہ نامزدگی کے لئے ٹوکن تقسیم کئے گئے تھے۔ دوپہر تقریباً 12 بجے کیجریوال اپنے والدین، اہلیہ سنیتا کیجریوال اور بیٹی ہرشتا کیجریوال کے ساتھ  پرچہ نامزدگی داخل کرنے آئے۔ انہیں پہلے دفتر کے اندر جانے دیا گیا۔اس کے بعد وہاں جمع بڑی تعداد میں امیدواروں نے الیکشن دفترکے سامنے نعرے بازی شروع کر دی۔ ان کا الزام تھا کہ کیجریوال عام آدمی کا ڈھونگ کرتے ہیں جبکہ کوئی وی آئی پی سہولت لینے سے پیچھے نہیں رہتے۔ ان امیدواروں نے کہا کہ وہ پہلے سے قطار میں کھڑے تھے جبکہ ان سے بعد میں آئے کیجریوال کو دفتر کے اندر جانے دیا گیا۔ انتخاب لڑنے والے تمام لوگ ایک جیسے ہیں اور یہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ ان امیدواروں میں کئی بزرگ بھی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS