آلودگی پر قابو پانے کیلئے دہلی میں لگے گا اسماگ ٹاور

0

نئی دہلی(اظہار الحسن؍ایس این بی )
راجدھانی میں آلودگی پر قابو پانے کے لئے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کی صدارت میںمنعقدکابینہ میٹنگ میںدو اہم فیصلے لئے گئے۔کابینہ نے آلودگی کے پیش نظر کناٹ پلیس میں اسماگ ٹاور لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ٹاور چین کے بعد دنیا کا دوسرا اسماگ ٹاور ہوگا ، جو اوپر سے ہوا لے کر اسے صاف کرے گا ، تاکہ لوگوں کو صاف ہوا مل سکے۔  اس کے ساتھ ہی درختوں کے ٹرانسپلانٹیشن کی پالیسی کی تجویز پاس کی گئی۔ اب کسی درخت کو کاٹنے کے عوض10 پودے لگانے ہوں گے ، اس کے علاوہ 80 فیصد درختوں کاٹرانسپلانٹیشن بھی کرنا ہوگا۔ حکومت درختوں کا  ٹرانسپلانٹیشن کرنے والی ایجنسی کا ایک پینل تشکیل دے گی اور متعلقہ محکمہ ان ایجنسیوں میں سے کسی سے بھی کام کراسکے گا۔
 وزیر اعلی اروند کجریوال نے آج ڈجیٹل پریس کانفرنس میں کہا کہ ابھی کچھ دن قبل دہلی کے عوام نے مل کر آلودگی کے خلاف ایک بڑی مہم شروع کی تھی۔ ہم مل کر آنے والے وقت میں اس مشن کے تحت بہت سارے کام کریں گے۔ اس میں الیکٹرانک گاڑیوں کی پالیسی ، درختوں کا ٹرانسپلانٹیشن اور پرالی سے نمٹنے کے معاملے شامل ہیں۔ اروند کجریوال نے کہا کہ دہلی میں بہت گھنے درخت ہیں ، بہت پرانے درخت ہیں ، بہت بڑے درخت ہیں ، یہ قدرت کی نعمت ہے۔ دہلی ایک بہت پرانا شہر ہے ، لہذا یہاں پر پہلے سے بہت سے درخت موجود ہیں۔ حکومت اور دہلی کے لوگوں کی کوشش ہے کہ کسی بھی درخت کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچایا جائے ، لیکن بعض اوقات عمارت تعمیر کرنی پڑتی ہے ، کچھ ترقیاتی کام ہوتے ہیں ، سڑک بنانی پڑتی ہے ، مختلف ترقیاتی کاموں کے لئے کئی بار درختوں کو کاٹنا مجبوری بن جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک پالیسی یہ تھی کہ اگر ایک درخت کاٹ دیا جائے تو معاوضہ کے طور پر 10 پودے لگائے جائیں گے۔ جو درخت کاٹا گیا تھا ، وہ درخت کافی بڑا تھا ، یہ کئی سال پرانا تھا ، قدرت نے اسے اتنا بڑا بنا دیا ہے اور ہم صرف چھوٹے چھوٹے پودے لگاتے ہیں ، اس کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ کیونکہ یہ10 پودے کب تک بڑھتے رہیں گے،کوئی نہیں جانتا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ دہلی ملک کی پہلی ریاست ہے ، جہاں درختوں کے ٹرانسپلانٹیشن کی پالیسی پاس کی گئی ہے۔ اس میں کہاگیا ہے کہ اگر کسی درخت کو کاٹا گیا ہے ، تو آپ کو معاوضہ کے طور پر 10 پودے لگانے ہوں گے ، اس کے علاوہ اس درخت کو کاٹا نہ جائے۔ آج سائنس نے اتنی ترقی کرلی ہے کہ اس درخت کو نیچے کھود کر اور پورے درخت کو اٹھا کر ٹرک میں ڈال کر اس کو لے جایا جاسکتا ہے اور کہیں اور لگایا جاسکتا ہے ، اس کو  ٹرانسپلانٹیشن  کہتے ہیں۔
(باقی ہریانہ وپنجاب پر)

 انہوں نے کہا کہ اس کے تحت کہیں بھی کسی بھی منصوبے کے تحت کاٹے جانے والے کم سے کم 80 فیصد درختوں کا ٹرانسپلانٹیشن کیا جائے گا ، اور جو درخت لگائے گئے ہیں ان میں سے کم از کم 80 فیصد درختوں کو زندہ رہنا چاہئے ۔صرف د کھانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ان درختوں کے  ٹرانسپلانٹیشن کے لئے جو بھی ایجنسی حکومت سے اجازت طلب کرے گی ، اسے یقینی بنانا ہوگا کہ کٹے ہوئے 80 فیصد درختوں کا ٹرانسپلانٹیشن  ہوگا اور سبھی درختوں کا زندہ ہونا لازمی ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ حکومت ایسی ایجنسی، جو اچھی ٹرانسپلانٹیشن کرتی ہے ، ایک قومی سطح کی ایجنسی ہے ، اس کا اچھا ریکارڈ ہے اور اچھا تجربہ ہے ، ایسی ایجنسی کا پینل تشکیل دے گی اور مرکزی حکومت یا دہلی حکومت کا محکمہ درختوں کو کاٹے گا۔ یا وہ  ٹرانسپلانٹیشن کے لئے اجازت لینا چاہتا ہے ، وہ ان میں سے کسی بھی ایجنسی کو کام کرنے کے لئے لے سکتا ہے۔ اروند کجریوال نے کہا کہ ٹرانسپلانٹ ایجنسی کو اس وقت ادائیگی کی جائے گی جب باقی سالوں کی تعداد ایک سال کے بعد دیکھی جائے گی۔ اگر 80 فیصد سے بھی کم درخت رہ گئے ہیں تو اس کی ادائیگی میں کٹوتی کی جائے گی اور اگر 80 فیصد سے زیادہ درخت رہ گئے ہیں تو اس کی پوری ادائیگی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی حکومت کے تحت درختوں کے  ٹرانسپلانٹیشن کے لئے ایک سیل بھی بنایا جارہا ہے اور ایک مقامی کمیٹی تشکیل دی جائے گی ، جس میں سرکاری ملازمین ، مقامی شہری اور آر ڈبلیو اے کے لوگ شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی  ٹرانسپلانٹیشن  والے درختوں کی جانچ اور نگرانی کرے گی۔ اس کے علاوہ یہ کمیٹی سرٹیفکیٹ بھی دے گی کہ درختوں کا ٹرانسپلانٹیشن  ہوچکاہے۔ وزیر اعلی اروند کجریوال نے کہا کہ کابینہ نے آج آلودگی کے خلاف ایک اور بڑا فیصلہ لیا ہے۔ دہلی کے اندر اسماگ ٹاور لگایا جائے گا۔یہ ٹاور دنیا کا دوسرا اسماگ ٹاور ہوگا۔ پہلا ٹاور چین میں لگایا گیا تھا۔  دہلی میں دو اسماگ ٹاور ہیں، ایک مرکزی حکومت کی طرف سے لگایا جارہا ہے اور دوسرا دہلی حکومت انسٹال کرے گی۔ مرکزی حکومت آنند وہار میں لگا رہی ہے اور دہلی حکومت کناٹ پلیس میں ہے۔ یہ اسماگ ٹاور چین میں اسماگ ٹاورز کی ٹکنالوجی سے مختلف ہیں۔ چینی ٹیکنالوجی کے اندر سماگ ٹاور نیچے سے ہوا کھینچتا ہے اور ہوا کو صاف پھینک دیتا ہے۔ دہلی کاا اسماگ ٹاور اوپر سے ہوا کھینچ لے گا اور اسے صاف کرکے نیچے پھینک دے گا تاکہ لوگوں کو نیچے سے صاف ہوا مل سکے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا اسماگ ٹاور ہوگا۔ دہلی کابینہ نے اس اسماگ ٹاور کی تعمیر کے لئے 20 کروڑ روپے کی منظوری دے دی ہے اور ہمیں امید ہے کہ اگلے 10 ماہ کے اندر یہ تیار ہوجائے گی۔ ہم اسے پائلٹ پروجیکٹ قرار دے رہے ہیں ، کیونکہ اگر یہ کامیاب ہوا تو ، دہلی کے اندر اس طرح کے مزید بہت سے ٹاور لگائے جائیں گے۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS