ممبئی(ایجنسیاں) :چنئی سپر کنگز کے گیند باز دیپک چہار میدان کے اندر اور باہر اپنی کارکردگی سے چرچے میں ہیں۔ انہوں نے اپنے سینئر کا احترام کرتے ہوئے ان سے دعا لی ، اور اس کے بعد پنجاب کنگز کے بلے بازوں کو ایک کے بعد ایک پویلین بھیجنے کا کام کیا۔ انڈین پریمیر لیگ 2021 کا 8 واں میچ چنئی سپر کنگز اور پنجاب کنگز کے مابین جمعہ کو کھیلا گیا۔ دیپک چہار نے اس میچ میں چنئی کے لئے 13 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ چہار کی کارکردگی کی تعریف کی جارہی ہے لیکن ان کی ایک اور تصویر میچ سے قبل وائرل ہو رہی ہے۔ اس تصویر میں وہ پنجاب کنگز کے تجربہ کار فاسٹ بالر محمد شامی کے پیر چھو رہے ہیں۔ اور شامی انھیں روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔محمد شامی میچ سے قبل سریش رینا اور عمران طاہر سے گفتگو کر رہے تھے جب دونوں ٹیموں کے کھلاڑی وارم اپ کر رہے تھے۔ تب دیپک چہار وہاں آئے اور اپنے سینئر کے پیر چھونے کی کوشش کی۔ تاہم شامی انھیں ایسا کرنے سے روکنے کی کوشش کر رہے تھے۔شاندار انسان اور بہترین کھلاڑی کا ثبوت دیتے ہوئے دیپک چہار نے جمعہ کے روز پنجاب کنگز کے خلاف عمدہ گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 13رن کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے میانک اگروال ، کرس گیل ، نکولس پورن اور دیپک ہڈا کی وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے اننگز کے آغاز پر لگاتار چار اوورز پھینکے۔اس دوران انہوں نے ایک میڈن اوور بھی کیا۔ ان کی بہتر گیند بازی کے سامنے پنجاب کی ٹیم بے بس ہوگئی اور صرف 106رن ہی بناسکی۔ چنئی نے اس ہدف کو آسانی کے ساتھ حاصل کرتے ہوئے آئی پی ایل کے نئے سیزن کی پہلی جیت درج کی اور اپنے کپتان مہندر سنگھ دھونی کی 200ویں میچ کو یادگار بنادیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS