نئی دہلی (ایس این بی) : عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر راگھو چڈھا نے کہا کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال پر حملہ کرنے والے غنڈوں کو اعزاز دینے کے بعد یہ ثابت ہو گیا ہے کہ بی جے پی کا مطلب ہندوستان کی ’جاہل پارٹی‘ ہے۔ وہ دراصل ان پڑھ غنڈوں کی فوج بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لوگوں کو ہمارا پیغام واضح ہے کہ آپ غنڈہ گردی کرتے ہیں جبکہ اروند کجریوال اسکول، اسپتال اور محلہ کلینک بنائیں گے۔ بی جے پی اور اس کے غنڈے اروند کجریوال اور ان کے تعلیمی ماڈل سے سب سے زیادہ خوفزدہ ہیں۔ ہم محب وطن لوگ ہیں، ہم بی جے پی کی غنڈہ گردی سے بھاگنے والے نہیں ہیں۔ ملک میں سیاست کے 2اسکول ہیں، اروند کیجریوال اسکول آف پالیٹکس میں داخلے کے لیے ایمانداری، لگن اور حب الوطنی کی ضرورت ہوتی ہے۔ دوسری طرف بی جے پی اسکول آف پالیٹکس میں داخلہ کے لیے بیان بازی اور غنڈہ گردی میں ریکارڈ قائم کرنا پڑتا ہے۔ راگھو چڈھا نے کہا کہ ہم وطنوں کو فیصلہ کرنا ہے کہ ہم ہندوستان کو پاکستان سری لنکا جیسا ملک بنانا چاہتے ہیں یا اسے امریکہ، جاپان، یورپ جیسے ترقی یافتہ ممالک میں لے جانا چاہتے ہیں۔ ہندوستان تب ہی صحیح معنوں میں ایک تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ ملک بن سکے گا جب ہندوستان کے عوام ایسے غنڈوں کی بی جے پی کو غدار کہیں گے۔ راگھو چڈھا نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بی جے پی کا عوامی بائیکاٹ کریں۔
عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر راگھو چڈھا آج پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوںنے الزام لگایا کہ اس سے قبل 10 دسمبر 2020کو دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کے گھر میں توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔ ان کے دفتر میں داخل ہو کر وہاں موجود شیشے توڑ دیے اور گھر والوں کو دھمکیاں دیں۔ اس کے علاوہ بی جے پی کے غنڈوں نے ماضی میں دہلی جل بورڈ کے سونیا وہار پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ وہ وہاں گھس کر پانی میں چھیڑ چھاڑ کر کے زہر ڈالنا چاہتے تھے۔ یہ یو جی آر دہلی کے بڑے علاقوں کو پانی فراہم کرتا ہے۔ اس سے پہلے بی جے پی کے ریاستی صدر آدیش گپتا کی قیادت میں ایک ہجوم دہلی جل بورڈ کے دفتر میں آیا اور پورے دفتر کو توڑ دیا۔دوسری طرف انہوںنے کہا کہ عام آدمی پارٹی ہے جو پڑھے لکھے ایماندار محب وطن لوگوں کی پارٹی ہے۔ ہمارے سامنے دو ماڈل ہیں، ایک بی جے پی ماڈل، جس میں لوگ غنڈہ گردی اور بدمعاشی کر رہے ہیں۔ دوسری طرف عام آدمی پارٹی کا ماڈل ہے جس میں ایماندار، پڑھے لکھے اور کٹر محب وطن لوگ ہیں۔
بی جے پی ناخواندہ غنڈوں کی فوج بنانا چاہتی ہے: راگھو چڈھا
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS