دانش علی نے پارلیمانی طریقہ کار کی خلاف ورزی کے حوالے سے برلا کو خط لکھا

0

نئی دہلی: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے لیڈر دانش علی نے ہفتہ کو لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو ایک خط لکھ کر الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوری کا ان کے خلاف توہین آمیز تبصرہ اور ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا کے خلاف الزام کے معاملے میں مختلف معیارات اپنائے گئے ہیں جو پارلیمانی طریقہ کار کی خلاف ورزی ہے۔

امروہہ سے رکن پارلیمان دانش علی نے اوم برلا کو ایک خط لکھ کر پارلیمانی روایات کی خلاف ورزی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے اپنے استحقاق کی حفاظت پر زور دیا۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایتھکس کمیٹی کے سربراہ ونود کمار سونکر نے ترنمول کانگریس کی ایم پی مہوا موئترا کے معاملے میں عوامی بیان دے کر رول 275 کی خلاف ورزی کی ہے۔

دانش علی نے خط میں کہا کہ پورے احترام کے ساتھ، میں آپ کی توجہ استحقاق کی خلاف ورزی اور اخلاقی بدانتظامی سے متعلق معاملات میں پارلیمانی طریقہ کار کی سنگین خلاف ورزی کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں۔ آپ اس حقیقت سے واقف ہوں گے کہ میں نے 22 ستمبر کو استحقاق کی خلاف ورزی کا نوٹس دیا تھا، جس میں ایم پی رمیش بدھوری کے ذریعہ میرے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔

اس میں کہا گیا ہے کہ مقرر شدہ طریقہ کار کے مطابق، شکایت کرنے والے رکن کو سب سے پہلے استحقاق کمیٹی کے سامنے بلایا جاتا ہے اور اس کے بعد ہی ملزم کو ثبوت کے لیے بلایا جاتا ہے۔ تاہم تمام طے شدہ اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے، جس ممبر پر مجھ پر نازیبا ریمارکس کرنے کا الزام ہے اسے طلب کیا گیا ظاہر ہوتا ہے اور اس حقیقت سے ثابت ہوتا ہے کہ مجھے آج تک کمیٹی میں اپنا موقف پیش کرنے کے لیے نہیں بلایا گیا ہے۔ دوسری طرف ایسا لگتا ہے کہ ایتھکس کمیٹی نے مہوا موئترا کے معاملے میں مناسب طریقہ کار پر عمل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہوا موئترا سے متعلق معاملے میں بھی میڈیا سے یہ جان کر بہت افسوس ہوا کہ کمیٹی کے چیئرمین نے کھلے طورپر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ترنمول ایم پی کے خلاف مبینہ اخلاقی بدانتظامی کی شکایت کے حوالے سے ایک حلف نامہ موصول ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: معصوم فلسطینی یوٹیوبر بھی اسرائیلی بمباری میں شہید

 

دانش علی نے دعویٰ کیا کہ میں اسے کسی اورکے ذریعہ نہیں، بلکہ ایتھکس کمیٹی کے سربراہ کی طرف سے رول 275 کی خلاف ورزی کے طور پر دیکھتا ہوں۔

(یو این آئی)

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS