دہلی نے چنئی کو 7وکٹ سے ہرایا

0
Image:newsyatra.in

ممبئی (یواین آئی) سلامی بلے بازوں شکھر دھون (85) کی شاندار نصف سنچری اور ان کی پرتھوی شا (72) کے ساتھ 138 رن کی اوپننگ رفاقت کی بدولت دفاعی رنراپ دہلی کیپٹلس نے چنئی سپرکنگس کو سنیچر کے روز آئی پی ایل 14 کے مقابلے میں یکطرفہ انداز میں 7 وکٹ سے شکست دی۔ پچھلے سیزن میں باہر رہنے والے بائیں ہاتھ کے بلے بازسریش رینا کی جارحانہ بلے بازی اور سیم کرین کی 34 رن کی طوفانی اننگز کی چنئی نے سات وکٹ پر 188 رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا جبکہ دہلی نے 18.4 اوور میں تین وکٹ پر 190 رن بناکر آسان جیت درج کی۔ دہلی کے دونوں سلامی بلے بازوں نے جارحانہ انداز میں بلے بازی کی اور چنئی کے ہر گیندبازوں کی جم کر پٹائی کی۔ دونوں کے بیچ 138 رن کی اوپننگ ساجھیداری 13.3 اوور میں بنی۔ اس ساجھیداری میں پرتھوی نے 38 گیندوں میں 72 رن مین نوچوکے اور تین چھکے لگائے ۔ پرتھوی کو ڈیون بریوو نے معین علی کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ شکھر نے پھر کپتان رشبھ پنت کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 29 رن جوڑے ۔ شکھر جب اپنی سنچری سے صرف 15 رن دور تھے کہ شاردل ٹھاکر کی گیند پر ایل بی ڈبلیوہوگئے ۔ شکھر نے 54 گیندوں پر 85 رن میں 10 چوکے اور دو چھکے لگائے ۔ شکھر اس اننگز کے ساتھ آئی پی ایل میں چنئی ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ۔ شکھر نے ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کا چنئی کے خلاف 901 رن کا ریکارڈ توڑ دیا۔ کپتان پنت نے صرف 12 گیندوں پرناٹ آوٹ 15 رن بنائے ، جبکہ مارکس اسٹونیس نے نو گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 14 رنز بنائے ۔ اسٹوئنس تیسرے بلے باز کے طور پر ٹیم کے 186 کے اسکور پرٹھاکر کا دوسرا شکار بنے ۔ پنت نے ایک چوکا مار کر میچ کا خاتمہ کیا اور اپنے آئیڈیل دھونی کو آئی پی ایل کے اپنے پہلے مقابلے میں شکست دی۔ چنئی نے پہلے بازی کرتے ہوئے اپنے پہلے دو وکٹ صرف سات رن پر گنوا دیئے ، اس کے بعد سریش رینا نے جارحانہ نصف سنچری اننگز کھیل کر چنئی کو چیلنجنگ اسکور تک پہنچایا۔
اننگز کے دوسرے ہی اوور میں فاف ڈو پلیسیس کھاتہ کھولے بغیر تیزگیندباز اویس خان کی چوتھی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔
اننگز کے تیسرے اوور میں رتوراج گائکواڈ پانچ رنزبناکر کرس ووکس کی گیند پر پہلی سلپ میں شکھر دھون کو کیچ دے بیٹھے ۔ ان دو وکٹوں کے گرنے کے بعد رینا اور معین علی نے تیسرے وکٹ کے لئے 53 رن کی شاندار شراکت کی۔ علی پھر آف اسپنرروی چندرن اشون کی گیند پر ریورس شاٹ کھیلنے کی کوشش میں گیند کو اونچا کھیل گئے اور شکھر نے آسان سا کیچ لے لیا۔ علی نے 24 گیندوں پر 36 رنز میں چار چوکے اور دو چھکے لگائے ۔
علی کا وکٹ گرنے کے بعد رینا اور امباٹی رائیڈو نے پھر چوتھے وکٹ کے لئے 63 رن کی بہترین شراکت کی۔ رینا نے باونڈری لگاکر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ رائیڈو نے ٹام کرین کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں شکھر دھون کو سیدھا کیچ پکڑایا۔ رائیڈو نے 16 گیندوں پر 23 رن میں ایک اچوکا اور دوچھکے لگائے ۔
رائیڈو کے آوٹ ہونے کے بعد رینا ٹیم کے 137 کے اسکور پر دوسرا رن لینے کی کوشش میں رن آوٹ ہوگئے ۔ رینا نے 36 گیندوں پر 54 رن میں تین چوکے اور چار چھکے لگائے ۔ کپتان مہندر سنگھ زیادہ دیر تک ٹک نہیں سکے اور اویس خان کی دوسری ہی گیند پر شاٹ کھیلنے کی کوشش میں گیند کو اسٹمپس پر کھیل کر کھاتہ کھولے بغیر بولڈ ہوگئے ۔ حالانکہ اس کے بعد سیم کرین نے رویندر جڈیجہ کے ساتھ آخری اوورز میں بڑے چوکے چھکے لگائے اور ٹیم کے اسکور کو 188 رن تک لے گئے ۔ وہ اننگز کی آخری گیند پر بولڈ ہوگئے ۔
سیم کرین نے صرف 15 گیندوں پر 34 رنز میں چار چوکے اور دو چھکے لگائے جبکہ جڈیجہ 17 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنا کر ناٹ آوٹ پویلین لوٹے ۔ دہلی کے لئے کرس ووکس نے 18 رن پر دو اور اویس خان نے 23 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS