یوٹیوب سے سیکھ کر نقلی نوٹ چھاپنے والا گرفتار

لاک ڈاؤن کے دوران جامع مسجد علاقہ میں کتاب کی دکان بند ہونے پر ملزم نیشروع کیا تھا دھندا

0

نئی دہلی (ایس این بی)
ضلع وسطی کے پہاڑ گنج پولیس اسٹیشن کی پولیس نے لاک ڈاؤن میں کام بند ہونے کے بعد یوٹیوب سے نقلی نوٹ چھاپنا سیکھنے کے بعد اسے مارکیٹ میں چلانے والے ایک شخص کو گرفتار کیا۔ ملزم نے 50 اور 100 روپے کے نوٹ چھاپنا اور بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر چلانا شروع کردیا تھا لیکن جمعرات کو جب اس نے ایک رکشہ مالک کو 50 کا نوٹ دیا تو اسے کچھ شک ہوا۔ اس معاملے کی اطلاع پولیس کو دی گئی ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کی شناخت جامع مسجد علاقہ کے رہنے والے سید محمد عمران(48) کی شکل میں کی گئی ہے۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 27,450 روپے کی مالیت کے نقلی نوٹ ، ایک معیاری قسم کا پرنٹر اور کاغذ برآمد کیے ہیں۔ دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ اس نے لاک ڈاؤن کے بعد سے بہت سے نوٹ چھاپے ہیں۔
اس سلسلے میں ڈی سی پی جسمیت سنگھ نے بتایا کہ جمعرات کی رات پہاڑ گنج پولیس اسٹیشن میں تعینات سپاہی پروین نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کے پاس گشت کررہا تھا کہ اسی دوران اس نے دیکھا کہ ای رکشہ ڈرائیور جاوید کا کسی دوسرے شخص سے جھگڑا ہو رہا ہے۔ جاوید کا کہنا ہے کہ اس سواری نے اسے 50 روپے کا نقلی نوٹ دیا۔ جب پروین نے سواری کی تلاشی لی تو اس کے پاس سے 23 نوٹ نقلی ملے۔ پروین نے اس معاملے کی اطلاع اسٹیشن انچارج وی این جھا اور ایس آئی اجے کو دی۔ دونوں فوراٰ ہی موقع پر پہنچ گئے۔ ملزم سید محمد عمران کو گرفتار کرلیا گیا۔ اس کے گھر کی تلاشی لی گئی جہاں سے مزید نقلی نوٹ برآمد ہوئے۔ عمران نے بتایا کہ وہ جامع مسجد علاقے میں کتاب کی دکان چلاتا تھا۔ اس کا کام لاک ڈاؤن میں بند ہوگیا۔ بے روزگار رہنے کے دوران اس نے یوٹیوب سے نقلی نوٹ بنانا سیکھا۔ اس کے بعد بہت تجربہ کرنے کے بعد اس نے جعلی نوٹ بنانا شروع کیا۔ اس کے لیے اس نے نہرو پلیس سے رنگین پرنٹر خریدا۔ پولیس ملزم سے پوچھ گچھ کرکے معاملے کی مزید چھان بین کر رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS