بھوک سے گایوں کی موت کا سلسلہ جاری :سوربھ بھاردواج

0

’دہلی سرکار سے پیسہ ملنے کے باوجود ایم سی ڈی گایوں کی حفاظت میں ناکام ‘
نئی دہلی(ایس این بی ) عام آدمی پارٹی نے الزام لگایا کہ دہلی میں گائے بھوک سے مر رہی ہیں کیونکہ ایم سی ڈی نے گزشتہ تین سالوں سے چارے کے لیے کروڑوں روپے کا اپنا حصہ نہیں دیا ہے۔ پارٹی کا کہناہے کہ گئوشالائوں میں چارے کے لیے 40 روپے فی گائے جمع کیے جاتے ہیں، جس میں دہلی سرکار 20 روپے اور ایم سی ڈی 20 روپے دیتی ہے۔ دہلی سرکارسے پیسہ ملنے کے باوجود ایم سی ڈی گئو ماتا کے تحفظ میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ پارٹی ہیڈکوارٹر میں اتوار کو منعقد پریس کانفرنس میں سوربھ بھاردواج نے بتایا کہ شمال دہلی میونسپل کارپوریشن کے پاس چارے کے تقریباً 32 کروڑ ہیں، جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن نے فروری 2021 سے رقم نہیں دی جبکہ مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن نے نے پچھلے 3 سالوں سے رقم نہیں دی ہے۔ دودھ دینے والی گایوں کو نیلام کرکے ایم سی ڈی کے ذریعہ ریاست سے باہر بھیجا جاتا ہے اور پھر کچھ دنوں کے بعد انہیں دہلی واپس لایا جاتا ہے۔ بھاردواج نے دو ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ایم سی ڈی گایوں کا علاج نہیں کرتا اور جب وہ مرتی ہیں تو انہیں خاموشی سے غیر قانونی گئوشالائوں میں دفن کر دیا جاتا ہے۔ یہ انتہائی شرم اور افسوس کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے ہم نے بتایا تھا کہ ایم سی ڈی ایکٹ کے مطابق دہلی میں گائے یا جانور رکھنا غیر قانونی ہے۔ ساتھ ہی سڑکوں پر گائے دکھنابھی غیر قانونی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم سی ڈی کی ذمہ داری ہے کہ اگر گائے اور بھینسیں گلیوںاور پارکوں میں نظر آئیں تو انہیں اٹھا کر گوشالا میں رکھا جائے۔ ہم نے بتایا تھا کہ کس طرح ایک منظم مافیا کا ایک گینگ کام کر رہا ہے،جو ان گایوں کو دودھ تو نکالتے ہیں لیکن انہیں کھلانے کے نام پر گلیوں میں کچرا کھانے کے لیے چھوڑ دیتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS